ہندوستان کے علاوہ کئی ممالک میں زلزلے کے جھٹکے

,

   

افغانستان کے ہندو کش علاقہ میں 7.0 شدت کے زلزلہ کی اطلاع

نئی دہلی : قومی دارالحکومت دہلی کے علاوہ کشمیر اور شمالی ہند کی کئی ریاستوں اترپردیش ،پنجاب ، اتراکھنڈ کے علاوہ دہلی این آر سی میں آج رات زلزلہ کی وجہ سے عوام میں خوف و دہشت پیدا ہوگئی ۔ کئی لوگ جو رات کا کھانا کھانے کے بعد سونے کی تیاری کررہے تھے اچانک زلزلے کے جھٹکوں کی وجہ سے وہ گھروں سے باہر نکل آئے ۔ اور وہ شب بسری کیلئے سڑکوں اور پارکس میں پہنچ گئے کیونکہ زلزلہ کے جھٹکے کافی دیر تک محسوس کئے گئے ۔ زلزلہ کا مرکز افغانستان کے فیض آباد میں تھا اور اس کی شدت ریکٹر اسکیل پر 6.6 جبکہ ہندو کش علاقہ میں 7.0 شدت درج کی گئی ۔ زلزلہ کے جھٹکے ہندوستان کے علاوہ پاکستان ، تاجکستان ، ترکمستان ، قزاقستان ، ازبکستان ، کرغستان اور چین میں بھی محسوس کئے گئے ۔ پاکستان میںزلزلہ کی شدت 6.8 ریکارڈ کی گئی ۔ تادم تحریر موصولہ اطلاعات کے مطابق اسلام آباد سمیت پاکستان کے مختلف شہروں میں زلزلہ محسوس کیا گیا جس کے نتیجہ میں مالی نقصان تو ہوا ہی ، ایک خاتون جاں بحق ہوئی اور 44 سے زیادہ افراد زخمی ہوگئے ہیں ۔ پاکستان میں رات 9.47 بجے زلزلہ محسوس کیا گیا ۔ متاثرہ علاقوں میں پشاور ، لاہور ، کوئٹہ اور راولپنڈی شامل ہیں ۔