واشنگٹن ۔ 11 جون (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ نے ایک بار پھر ہندوستان میں مذہبی و نسلی اقلیتوں کے تحفظ کا مسئلہ اٹھایا ہے اور ان پر ہونے والے حملوں اور امتیازی رویے پر اظہار تشویش کیا ہے۔امریکہ نے اس بات پر زور دیا ہیکہ ہندوستان کے آئین نے اقلیتوں کے تحفظ کی جو ضمانت دی ہے اس کو مکمل طور پر یقینی بنایا جائے۔امریکی وزیرِ خارجہ مائیک پومپیو نے اس سلسلے میں ایک رپورٹ محکمہ خارجہ میں چہارشنبہ کو جاری کی۔ اس سے قبل مذہبی آزادی سے متعلق امریکی کمیشن نے بھی ہندوستان میں اقلیتوں پر ہونے والے حملوں پر تشویش کا اظہار کیا تھا۔ امریکی کانگریس سے منظور شدہ ‘2019 عالمی مذہبی آزادی رپورٹ’ میں کہا گیا ہیکہ امریکی اہلکاروں نے ہندوستان میں حکمران اور حزب اختلاف کی جماعتوں، شہری تنظیموں، مذہبی آزادی پر نظر رکھنے والے کارکنوں اور مختلف اقلیتوں و فرقوں کے مذہبی رہنماؤں سے سال بھر تبادلہ خیال کیا جب کہ مذہبی آزادی کے احترام اور رواداری کو فروغ دینے کی اہمیت پر زور دیا۔