سوشل میڈیا پر فرضی خبروں کی بنیاد پر مسلمانوں کو ہراسانی کے واقعات: براؤن بیک
واشنگٹن 16 مئی (سیاست ڈاٹ کام) امریکی کانگریس کی جانب سے قائم کئے گئے بین الاقوامی کمیشن برائے مذہبی آزادی
(USCIRF)
نے ہندوستان میں مذہبی آزادی کو تنقید کا نشانہ بنایا اور اُس کے درجہ میں انتہائی کمی کردی۔ ہندوستان کے شہریت ترمیمی قانون اور نیشنل رجسٹر فار سٹیزن (این آر سی) کا نوٹ لیتے ہوئے کمیشن نے امریکی وزیر خارجہ مائیک پامپیو سے سفارش کی ہے کہ ہندوستان کو خاص تشویش کے زمرہ کے ملک میں شامل کیا جائے۔ امریکی سفیر برائے بین الاقوامی مذہبی آزادی سام براؤن بیک نے کورونا وائرس سے متعلق ہندوستان میں ہراسانی خاص طور پر مسلمانوں کو ہراساں و پریشان کرنے کے خلاف آواز اُٹھائی۔ ساتھ ہی اُنھوں نے اتحاد کے لئے وزیراعظم مودی کے پیام کی ستائش بھی کی۔ اُنھوں نے بتایا کہ کوویڈ ۔ 19 سے متعلق مسلمان طبقہ کے خلاف ہراسانی کی رپورٹس بدبختانہ ہیں۔ خاص طور پر یہ ہراسانی فرضی خبروں کی بنیاد پر کی گئی ہے۔ سوشل میڈیا پر فرضی خبریں اور غلط معلومات فراہم کی جارہی ہیں۔ براؤن بیک نے بتایا کہ مبینہ طور پر کورونا وائرس پھیلانے کی فرضی خبروں کی بنیاد پر مسلمانوں کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ تاہم ہندوستان کے سینئر عہدیداروں کی جانب سے اتحاد کی ضرورت پر زور دیا جارہا ہے جو خوش آئند ہے۔ وزیراعظم مودی نے کہاکہ کورونا وائرس مذہب، زبان یا سرحدیں نہیں دیکھتا۔