نئی دہلی: چین اور پاکستان سے متصل سرحدوں پر نظر رکھنے کیلئے ہندوستان اپنے نگرانی آلات کو بڑے پیمانے پر مضبوط کرنے جارہا ہے۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ ہندوستانی سیکورٹی فورسیز چین اور پاکستان کی سرحدوں پرنگرانی کیلئے 97 میک ان انڈیا ڈرونز حاصل کرنے والا ہے۔ سرکاری ذرائع کے مطابق ہندوستانی فضائیہ تقریبا دس ہزار کروڑ روپے سے زیادہ کی لاگت سے ان ڈرونز کی خریداری کرے گا۔ یہ ڈرونز لگاتار 30 گھنٹوں تک اڑان بھرنے کے قابل ہوں گے۔بتادیں کہ ہندوستان نے حال ہی میں امریکہ سے 31 پریڈیٹر ڈرونز خریدنے کا فیصلہ کیا تھا۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ سیکورٹی فورسیز نے مشترکہ طور پر ایک سائنٹفک اسٹڈی کی ہے، جس کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ زمین اور سمندر دونوں پر نظر رکھنے کیلئے 97 درمیانے اونچائی کے ڈرونز کی ضرورت ہوگی۔موصولہ معلومات کے مطابق پرانے ڈرونز کو میک ان انڈیا کے توسط سے ہندوستان ایروناٹکس لمیٹیڈ اور اوریجنل ایکیوپمنٹ مینوفیکچررز مل کر مشترکہ طور پر اپ گریڈ کررہے ہیں۔ 10 ہزار کروڑ سے زیادہ کی لاگت سے خریدے جانے والے یہ ڈرون ہیرون یو اے وی سے الگ ہوں گے جو پچھلے کچھ سالوں سے تینوں افواج میں شامل ہیں۔وہ ڈرونز جو پہلے سے ہی سروس میں ہیں، ہندوستان ایروناٹکس لمیٹڈ کے ذریعہ میک ان انڈیا کے توسط سے اوریجنل ایکوپمنٹ مینوفیکچررز کے ساتھ شراکت میں اپ گریڈ کیا جا رہا ہے۔ جہاں انہیں 60 فیصد سے زیادہ ہندوستانی مواد استعمال کرکے ملک کے اندر اپنی صلاحیتوں کو اپ گریڈ کرنا ہے۔