گوہاٹی، 25 نومبر (آئی اے این ایس) ہندوستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان جاری دوسرے ٹسٹ کے چوتھے دن کے اختتام پر میزبان ٹیم 549 رنزکے بھاری ہدف کے تعاقب میں دو وکٹوں کے نقصان پر 27 رنز بنا سکی۔ بارسا پارا کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیل کے پورے دن جنوبی افریقہ نے اپنی گرفت مضبوط رکھی اور ٹرسٹن سٹبس کی شاندار 94 رنز کی اننگزکی بدولت دوسری اننگز 260/5 پر ڈکلیئر کردی۔ ہندوستان کی دوسری اننگز کا آغاز ہی مشکلات سے ہوا۔ مارکو یانسن نے ساتویں اوور میں یشاسوی جیسوال کو 13 رنز پرآؤٹ کرکے پہلی کامیابی دلائی۔ اس کے بعد بی سائی سدھارسن کریز پر آئے لیکن زیادہ دیر تک پارٹنرشپ نہ چل سکی۔ دسویں اوور میں سائمن ہارمر نے کے ایل راہول کو بولڈ کرکے ہندوستان کی مشکلات مزید بڑھا دیں۔ دن کے اختتامی لمحات میں ہندوستان نے کلدیپ یادوکو نائٹ واچ مین کے طور پر بھیجا جنہوں نے سدھارسن کے ساتھ مل کر بغیر نقصان کے سیشن مکمل کیا۔ دن کا آغاز جنوبی افریقہ نے26/0 سے کیا۔ راین رِکلٹن اور ایڈن مارکرم نے پراعتماد بیٹنگ کرتے ہوئے اسکور 58 تک پہنچایا، مگر اس کے بعد ہندوستان کے اسپنرز نے واپسی کی۔ رویندر جڈیجہ نے پہلے رِکلٹن کو 35 پر آؤٹ کیا، پھر مارکرم کو 29 پرآوٹ کرکے ٹیم کو مضبوط واپسی دلائی۔ واشنگٹن سندر نے بھی متاثرکن اور سمجھدار بولنگ کرتے ہوئے ٹیمبا باووما کو آؤٹ کیا۔ چائے کے وقفے تک جنوبی افریقہ 107/3 پر کھیل رہا تھا، مگر اس کے بعد ٹونی ڈی زورزی اور ٹرسٹن سٹبس نے شاندار پارٹنرشپ بناتے ہوئے میچ کا رخ پھر جنوبی افریقہ کی جانب موڑ دیا۔ دونوں بیٹروں نے جارحانہ اور ذمہ دارانہ بیٹنگ سے حریف اسپنرز کو دباؤ میں رکھا۔ چائے کے بعد جڈیجہ نے زورزی کو49 پر ایل بی ڈبلیو کیا، مگر اس کے باوجود سٹبس بے خوف اور پراعتماد انداز میں بیٹنگ کرتے رہے۔ وِیان ملڈرکے ساتھ مل کر انہوں نے اسکور کو ہندوستانی پہنچ سے مزید دورکردیا۔ سٹبس 94 رنز پر آؤٹ ہوئے جس کے فوراً بعد کپتان باووما نے اننگز ڈکلیئرکردی۔ہندوستان کے لیے چوتھے دن کا اختتام 27/2 پر ہوا اور مہمان ٹیم 521 رنزکی بھاری برتری کے ساتھ میچ پر مکمل کنٹرول رکھے ہوئے ہے۔ہندوستان کو نیوزی لینڈ کے بعد اب جنوبی افریقہ کے خلاف ایک وائٹ واش کر شرمناک شکست کا سامنا ہے ۔