ہندوستان، مسجد میں فائرنگ کے بعد نیوزی لینڈ سے ربط رکھے ہوئے

   

کرائسٹ چرچ ؍ نئی دہلی 15 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان کے سفیر برائے نیوزی لینڈ نے کرائس چرچ حملوں سے ہندوستانیوں کے متاثر نہ ہونے کو یقینی بنایا۔ جبکہ غیر مصدقہ اطلاعات کے بموجب 9 ہندوستانی نژاد افراد فائرنگ کے بعد لاپتہ ہیں۔ مسجد النور میں جو شہر کرائسٹ چرچ کے قلب میں واقع ہے، 9 ہندوستانی نژاد شہری لاپتہ ہیں۔ نئی دہلی میں وزیر خارجہ کے دفتر کے ترجمان راویش کمار نے کہاکہ ہندوستان کے سفیر برائے نیوزی لینڈ مقامی عہدیداروں کے ساتھ ربط برقرار رکھے ہوئے ہیں تاکہ خبروں کی توثیق کی جاسکے کیوں کہ یہ ایک حساس مسئلہ ہے۔ اِس سوال پر کہ کیا غیر مصدقہ اطلاعات کے بموجب فائرنگ کے بعد 9 ہندوستانی نژاد شہری ویلنگٹن میں لاپتہ ہیں یا کسی اور مقام پر۔ دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہاکہ ابھی اِس بات کی توثیق نہیں ہوسکی اور ہندوستانی سفیر مقامی عہدیداروں کے ساتھ مسلسل ربط میں ہیں۔ مبینہ طور پر کرائسٹ چرچ کے ایک ویڈیو میں ایک شخص احمد جہانگیر متوطن حیدرآباد کو گولی لگتے دکھایا گیا ہے لیکن اُنھوں نے کہاکہ اِس شخص کا نام اقبال جہانگیر ہے، احمد جہانگیر نہیں۔