ہندوستانی جمہوریت کا تحفظ تمام شہریوں کی مشترکہ ذمہ داری:عقیل احمد

   

نئی دہلی : آج کا دن یعنی یوم جمہوریہ ہمارے ملک کے لیے تاریخی اہمیت کا حامل ہے کیونکہ آج ہی کے دن دستور ہند کا نفاذ عمل میں آیا تھا۔ یہ بات قومی اردو کونسل کے ڈائرکٹر پروفیسر شیخ عقیل احمد نے آج یہاں 74 ویں یوم جمہوریہ کے موقع پر پرچم کشائی کی تقریب کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے کہی۔انہوں نے کہا کہ ہندوستانی جمہوریت میں ملک کے ہرشہری کومساوی اختیارات و حقوق حاصل ہیں، ساتھ ہی ہم سب پر یکساں ذمہ داری بھی عائد ہوتی ہے کہ جمہوریت کا ہر ممکن تحفظ کریں۔ انھوں نے کہا کہ آج کے دن ملک کے تمام باشندوں کو یہ عہد کرنا چاہیے کہ وہ ہندوستان کو ایک مثالی جمہوری ملک بنانے میں اپنا کردار ادا کریں گے اور وطن عزیز کی تعمیر و ترقی کے لیے ہر ممکن کوشش کریں گے ۔ انھوں نے کہا کہ ہمارا ملک ساری دنیا میں ایک عظیم جمہوری ملک کے طورپرجانا جاتا ہے جس میں بے پناہ تہذیبی و ثقافتی تنوع ہے ، تہذیبی و مذہبی رنگارنگی ہندوستان کی خوب صورتی ہے جسے برقرار رکھنا ہم سب پر لازم ہے ۔