اسلام آباد ۔ 13 مئی (ایجنسیز) پاکستانی فوج نے منگل 13 مئی کے روز کہا کہ ہندوستان کے ساتھ کئی دہائیوں کے بدترین مسلح تصادم میں گزشتہ ہفتہ 40 عام شہری اور 11 فوجی اہلکار ہلاک ہوئے۔ امریکی صدر ٹرمپ کی کوششوں سے فی الحال دونوں ملک جنگ بندی پر قائم ہیں۔ پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے منگل کے روز ایک بیان میں کہا کہ ہندوستان کی مسلح افواج نے حال ہی میں جو بلا اشتعال اور قابل مذمت وحشیانہ حملے کیے ان میں عام خواتین، بچوں اور بوڑھوں سمیت معصوم شہریوں کو نشانہ بنایا گیا۔ اس سنگین جارحیت کے جواب میں پاکستان کی مسلح افواج نے بھرپور جوابی کارروائی کرتے ہوئے آپریشن بنیان مرصوص کے ذریعہ درست اور نمایاں جوابی حملے کیے۔