نئی دہلی: انڈین ریلوے 2018(بیاچ) کے 255 پروبیشنرز کے ایک گروپ نے آج راشٹرپتی بھون کلچرل سینٹر میں صدر جمہوریہ ہندمحترمہ دروپدی مرمو سے ملاقات کی۔پروبیشنرز سے خطاب کرتے ہوئے صدر جمہوریہ نے کہا کہ ہندوستانی ریلوے نہ صرف ہندوستانی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہے بلکہ یہ ہندوستان کے اتحاد اور سماجی و ثقافتی تنوع کی بھی ریڑھ کی ہڈی ہے ۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ان جیسے نوجوان افسروں کی ذمہ داری ہے کہ وہ ریلوے کے ماحولیاتی نظام کی شاندار وراثت کو آگے بڑھاتے ہوئے ہندوستانی ریلوے کو دنیا میں بہترین معیار کی خدمات فراہم کرنے والا بنانے کی کوشش کریں۔صدر جمہوریہ نے کہا کہ آج تمام شعبوں میں ٹیکنالوجی ایک اہم محرک ہے ۔ انہوں نے اس بات کو اجاگر کیا کہ ہندوستانی ریلوے کے لیے ،جو ہر روز لاکھوں لوگوں کی ضروریات اور مطالبات کو پورا کرتی ہے اور ہر ماہ لاکھوں ٹن مال کی نقل و حمل کرتی ہے ، اس کے لئے جدیدترین ٹیکنالوجی کا بہترین حد تک استعمال کرنا نہایت ضروری ہے ۔