تہران ۔ ہندوستانی شٹلر تانیا ہیمنت نے ایران میں انٹرنیشنل چیلنج بیڈمنٹن ٹورنمنٹ جیت لیا، تاہم انہیں میڈل لینے کیلئے پوڈیم جاتے ہوئے حجاب پہننا پڑا۔ جب وہ گولڈ میڈل لینے پوڈیم جارہی تھی تو انہیں حجاب پہننا پڑا۔ سکنڈ سیڈ تانیا جو پرکاش پڈوکون بیڈمنٹن اکیڈمی میں ٹریننگ کرتی ہیں، انہوں نے دفاعی چمپئن اور ہم وطن تسنیم میرکو 30 منٹ میں شکست دی۔ بنگلورکی لڑکی نے پہلے گیم میں آرام سے جیت درج کی، ٹاپ سیڈ نے دوسرے گیم میں ہلکا سا اپ سیٹ کیا لیکن انہوں نے فیصلہ کن گیم 21-7، 21-11 سے جیت لیا۔ منتظمین نے تانیا سے میڈل کی تقریب میں اسکارف پہننے کو کہا۔ ایسا ہی کچھ گزشتہ سال بھی تسنیم کے ساتھ ہوا تھا جب گجرات سے تعلق رکھنے والی تسنیم نے گولڈ میڈل جیتا تھا۔ بیڈمنٹن ذرائع نے بتایاکہ منتظمین نے واضح کردیا ہے کہ میڈل جیتنے والی خواتین کیلئے ہیڈ اسکارف لازمی ہیں حالانکہ ٹورنمنٹ کے پراسپیکٹس میں پوڈیم ڈریس کوڈ کا کوئی ذکر نہیں تھا۔ انہوں نے بتایاکہ بیڈمنٹن ورلڈ فیڈریشن کے پراسپیکٹس میں مقابلے کے قوانین میں لباس کے قوانین کی بات کی گئی ہے جو دنیا بھر کے ٹورنمنٹس میں عام ہیں جبکہ ہم جانتے تھے کہ جب خواتین تہران میں باہر ہوتی ہیں تو ہیڈ اسکارف لازمی ہیں لیکن ٹورنمنٹ کے دوران ان کے استعمال کے بارے میں کوئی خاص ذکر نہیں تھا۔