چین اور تمام ممالک میں کورونا وائرس کی صورتحال پر غور کے بعد فیصلہ
نئی دہلی۔ 22 فروری (سیاست ڈاٹ کام) حکومت ہند نے مہلک وباء کورونا وائرس کے پھوٹ پڑنے کے بعد قبل ازیں جاری کردہ سفری مشاورتی نوٹ کو وسعت دیتے ہوئے ہفتہ کے روز اپنے شہریوں کو مشورہ دیا کہ وہ سنگاپور کے لئے اپنا غیرضروری سفر ملتوی کردیں۔ مشاورتی نوٹ میں مزید کہا کیا ہے کہ نیپال، انڈونیشیا، ویٹنام اور ملائیشیا سے ہندوستان آنے والے تمام طیاروں کے مسافرین کی پیر سے ایرپورٹس پر اسکریننگ کرنے کا منصوبہ بنایا گیا ہے، فی الحال ملک کے 21 مقررہ ایرپورٹس پر ہی جاپان، سنگاپور، جنوبی کوریا، تھائی لینڈ، ہانگ کانگ اور چین سے آنے والے مسافرین کی کڑی طبی جانچ کی جارہی ہے۔ کابینی سیکریٹری کی صدارت میں منعقدہ جائزہ اجلاس میں صورتحال پر تفصیلی غوروخوض کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا۔ مرکزی وزارت صحت نے کہا ہے کہ آج کی تاریخ تک 21,805 مسافرین کو اجتماعی نگرانی میں رکھا گیا۔ علاوہ ازیں طیاروں سے آنے والے 3,97,152 مسافرین اور سمندری راستوں سے بندرگاہوں پر پہنچنے والے 9,695 افراد کی اسکریننگ کی گئی ہے۔