کراچی:بھارتی فضائی کمپنی انڈیگو کے ایک مسافر بردار طیارے کو ایمرجنسی میڈیکل لینڈنگ کے طور پر کراچی ہوائی اڈے پر اتارا گیا۔ 67 سالہ مسافر تاہم جہاز میں ہی انتقال کرچکے تھے۔شارجہ سے ہندوستانی شہر لکھنو جانے والے پرائیوٹ انڈیگو ایئرلائن کے ایک طیارے پر سوار ایک مسافر کی منگل کوعلی الصبح طبیعت خراب ہونے پر جہاز کو ہنگامی طورپر کراچی ہوائی اڈے پر اتارا گیا۔لیکن 67 سالہ مسافر ہنگامی طبی امداد دیے جانے سے قبل ہی جہاز پر انتقال کرچکے تھے۔ادھر دہلی میں انڈیگو کے عہدیداروں نے بتایا کہ جہاز اب لکھنو پہنچ چکا ہے۔ انہوں نے 67 سالہ مسافر حبیب الرحمان کی موت پر ان کے رشتہ داروں کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ڈاکٹر کی جانب سے مسافر کی موت کی تصدیق اور دستاویزی اور دیگر ضروری اقدامات کے بعد طیارہ صبح ساڑھے آٹھ بجے کراچی سے بھارتی شہر احمد آباد کے لیے روانہ ہوا۔