کسی بھی شعبہ میں ترقی کیلئے اچھے اخلاق ، سخت محنت ضروری : دہلی میں کانفرنس سے فرینک اسلام کا خطاب
نئی دہلی ۔ /10 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان کے موجودہ حالات کے پیش نظر ہندوستانی مسلمانوں کیلئے ضروری ہے کہ وہ بہتر سے بہتر تعلیم حاصل کریں ۔ معاشرے میں باوقار زندگی گزارنے اور اپنے کھوئے ہوئے وقار کو دوبارہ حاصل کرنے کیلئے تعلیم کا حصول ضروری ہے ۔ امریکی دانشور ماہر تعلیم بزنس لیڈر اور ادیب فر ینک اسلام نے انڈیا اسلامک کلچر سنٹر دہلی کے آڈیٹوریم میں ایک لیکچر کے دوران ہندوستانی مسلمانوں کو مشورہ دیا کہ وہ اچھی سے اچھی تعلیم حاصل کرتے ہوئے اپنی کامیابی کے جھنڈے گاڑسکتے ہیں ۔ ہندوستانی مسلمانوں کو بہتر اقدار سے آراستہ کرنا ملک کی ترقی کیلئے بھی بے حد ضروری ہے ۔ انسان خواہاں کسی بھی طبقہ سے تعلق رکھتا ہو ، سخت محنت ، لگن ، جانفشانی ، اچھے اخلاق اور جدت کی بنیاد پر کہیں بھی اور کسی بھی میدان میں کامیاب ہوسکتا ہے ۔ غریبوں اور بے سہارا لوگوں کو بااختیار بنانے میں بہتر تعلیم ہی کلیدی رول ادا کرتی ہے ۔ فرینک اسلام نے اپنے تقریباً ایک گھنٹے کے لیکچر میں تعلیم کی اہمیت پر سب سے زیادہ زور دیا ۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم کے ذریعہ ہندوستانی مسلمان اپنا کھویا وقار حاصل کرسکتے ہیں ۔ اس کے ساتھ ہی اپنی غریبی اور پستی کا خاتمہ بھی کرسکتے ہیں ۔ غریب آدمی بہتر تعلیم کے ذریعہ نہ صرف اپنا ذریعہ معاش عمدہ طریقے سے حاصل کرسکتا ہے بلکہ ساتھ ہی اسے معاشرے میں عزت بھی حاصل ہوتی ہے اور اسے فخر سے زندگی گزارنے کا موقع ملتا ہے ۔ بین مذاہب مذاکرات کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ موجودہ ماحول میں یہ کتنا ضروری آپ اندازہ کرسکتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ انہیں اپنے دین اسلام سے لگاؤ و عقیدت ہے جو دوسرے مذاہب کے ساتھ ہم آہنگی ، امن ، انصاف اور محبت کا درس دیتا ہے ۔ فرینک اسلام ہمیشہ ہی سماجی فلاح و بہبود کے کاموں میں بڑھ چڑھ کے حصہ لیتے رہے ہیں ۔ تعلیم و ثقافت کے میدان میں ان کی کوششیں قابل ستائش ہیں ۔ حال ہی میں انہوں نے علیگڑھ مسلم یونیورسٹی میں ایک مینجمنٹ کا شعبہ قائم کرنے میں کامیابی حاصل کی ہے ۔ 14 کروڑ روپئے کے قرض سے دو عالیشان عمارتیں بھی تعمیر کرائی ہیں ۔