نئی دہلی: اقلیتی امور کے مرکزی وزیر مختار عباس نقوی نے منگل کے روز کہا کہ کورونا وائرس وبا کے سبب سال 2020 میں ہندوستانی عازمین کو سفر حج پر نہ بھیجنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ نقوی نے یہاں صحافیوں سے کہاکہکل رات سعودی عرب کے وزیر حج ڈاکٹر محمد صالح بن طاہر کا فون آیا تھا ۔ انہوں نے پوری دنیا میں کورونا وبا کے تعلق سے تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے حج 2020 کے لئے ہندوستانیوں کو سفر حج پر نہ بھیجنے کا مشورہ دیا۔نقوی نے کہا کہ ہم نے سعودی عرب کے فیصلے کا احترام کرتے ہوئے فیصلہ کیا ہے کہ اس بار ہندوستانی عازمین کو سفر حج پر نہیں بھیجا جائے گا۔اس برس حج پر جانے کے لئے منتخب تمام دو لاکھ 13 ہزار عازمینکی رقومات واپس کئے جائیں گے ۔ہندوستانی حج کمیٹی نے ایک سرکلر کے ذریعہ حج 2020 پر جانے کے لئے منتخب عازمینسے کہا تھا کہ جو لوگ حج پر نہیں جانا چاہتے وہ اپنی رقم واپس لے سکتے ہیں۔