ہندوستانی معیشت کی بنیادیں مضبوط : وزیراعظم

   

ماہرین معاشیات سے مشاورت ، نیتی آیوگ پر ماقبل بجٹ اجلاس
نئی دہلی 9 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) ملک میں جاریہ مالیاتی سال کے دوران معاشی سست رفتاری اور اندرون ملک مجموعی پیداوار کی شرح میں 11 سال کی سطح سے کم تک پہونچ جانے کی پرواہ کئے بغیر وزیراعظم نریندر مودی نے آج کہاکہ ہندوستانی معیشت کی بنیادیں مضبوط ہیں اور یہ معیشت بہت جلد اپنے عروج پر پہونچ جائے گی۔ وزیراعظم مودی بظاہر معاشی سست رفتاری کو دور کرنے کی کوششوں کی ذمہ داری لیتے ہوئے دکھائی دیئے۔ اُنھوں نے گزشتہ چند دنوں سے اِس سلسلہ میں کام بھی شروع کیا ہے اور زائداز 12 ذہن سازی کے اجلاس بھی منعقد کئے۔ مختلف شعبوں اور مختلف مسائل پر غور و خوض کرنے کے لئے بات چیت بھی کی گئی۔ معیشت اور آنے والے بجٹ میں مناسب پالیسیاں شامل کرنے کا جائزہ لیتے ہوئے وزیراعظم نریندر مودی نے نیتی آیوگ پر منعقدہ اجلاس میں سرمایہ داروں، تاجرین اور زرعی ماہرین سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ ہندوستان کی معیشت کو 2024 ء تک 5 ٹریلین امریکی ڈالر کی حد تک ترقی دی جائے گی۔ اُنھوں نے کہاکہ ہم تمام کو مل جل کر کام کرنا ہوگا اور ایک قوم کے طور پر شروع کرنا ہوگا۔ وزیراعظم مودی نے پالیسی سازی کے عمل پر شخصی رائے کو ترجیح دینے کی جانب توجہ دلائی۔ اُنھوں نے کہاکہ عالمی سطح پر ہندوستانی معیشت کو 2019-2020 ء میں 5 فیصد کا تخمینہ لگایا گیا ہے جبکہ گزشتہ مالیاتی سال کی شرح پیداوار 6.8 فیصد رہی تھی۔ نیتی آیوگ پر منعقدہ ماقبل بجٹ اجلاس میں مودی نے تمام دعویداروں سے توجہ ہٹاتے ہوئے معیشت کو 5 ٹریلین امریکی ڈالر تک لیجانے کا نشانہ مقرر کیا۔