ہندوستانی ٹیم بیرونی سرزمین پر بھی سخت حریف ہونے لگی : ساوتھی

   

ہیملٹن ۔ 28 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے سینئر بولر ٹم ساوتھی سمجھتے ہیں کہ ہندوستانی ٹیم بیرونی سرزمین پر بھی بہتر سے بہترین ٹیم کی طرف گامزن ہے جس کا اس نے رواں ٹوئنٹی 20 سیریز میں بہترین مظاہروں کے ذریعہ ثبوت دیا ہے۔ رواں سیریز کے ابتدائی مقابلہ میں جہاں نیوزی لینڈ کی ٹیم نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 200 سے زائد رنز بنائے تھے اس کا ٹیم نے آسانی کے ساتھ تعاقب کیا جبکہ دوسرے مقابلہ میں بہترین بولنگ کے ذریعہ میزبان ٹیم کو 140 رنز سے بھی کم اسکور پر محدود رکھا اور دونوں مقابلوں میں جامع کامیابی کے ذریعہ اس نے 2-0 کی سبقت حاصل کرلی ہے۔ ساوتھی نے کہا کہ ہندوستانی ٹیم نے بہترین مظاہرہ کیا ہے اور وہ ایک عظیم ٹیم ہے جس میں متعدد عالمی معیار کے کھلاڑی موجود ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پہلے مقابلہ میں ہم نے کسی قدر بہتر مظاہرہ کیا تھا لیکن دوسرے مقابلہ میں مہمان ٹیم نے ہمیں کرکٹ کے تمام شعبوں میں بے بس کردیا۔ ساوتھی نے مزید کہا کہ ہم جانتے ہیں کہ ہندوستان کے خلاف جب بھی مقابلہ ہوتا ہے تو یہ آسان نہیں ہوتا ہے اور اب ٹیم نے ہماری ہی سرزمین پر حالات مشکل کردیئے ہیں۔