ملبورن ،نئی دہلی ۔کرکٹ آسٹریلیا نے بی سی سی آئی کے صدر سوروگنگولی کا موقف مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستانی ٹیم کے لیے دوہفتوں کا قرنطینہ لازم ہوگا۔ کرکٹ آسٹریلیا کے چیف ایگزیکو نک ہوکیلی نے آسٹریلیائی میڈیا سے ویڈیولنک پر بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہندوستانی کھلاڑیوں کو بائیوسکیورماحول میں ٹریننگ کی بہترین سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ آسٹریلیائی سرزمین پر قدم رکھنے والوں کے لیے جہاز میں سوار ہونے سے پہلے کویڈ معائنہ لازم ہے اور اس کے بعد یہاں پر14 روز کے قرنطینہ کے ایس اوپیز طے شدہ ہیں۔ نک ہوکیلی نے کہا ہے کہ ہم مہمان ٹیم کے لیے اپنی وزارت ہیلتھ کے حکام کے ساتھ مل کر تمام احتیاطی تدابیر ممکن بنائیں گے۔ انگلینڈ کے ساوتھمپٹن اور اولڈ ٹریفورڈ مانچسٹر کی طرح ایڈیلیڈ میں ہوٹل موجود ہے جہاں ہندوستانی ٹیم کو ٹھہرایا جاسکتا ہے۔ اس بات کے امکانات بہت کم ہیں کہ جب ہندوستانی ٹیم کو آسٹریلیا آنا ہے تو اس وقت تک ٹریول ایڈوائزری میں کچھ تبدیلی ہو۔واضح رہے بی سی سی آئی کے صدر گنگولی نے کہا تھاکہ وہ دوہفتوں کے قرنطینہ کے حق میں نہیں، کھلاڑیوں کو کمروں تک محدودکردینا نامناسب ہوگا۔