ہندوستانی ٹینس ٹیم کے دورہ پاکستان پر سوالیہ نشان

   

کراچی۔9 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام ) رواں برس ماہ ستمبر میں اسلام آباد میں مجوزہ ڈیوس کپ ٹائی کیلئے ہندوستان کی میزبانی پر خطرات کے بادل منڈلانے لگے کیونکہ دونوں ممالک کے درمیان سیاسی کشمکش کے پیش نظر آل انڈیا ٹینس اسوسی ایشن نے آئی ٹی ایف سے تیسرے مقام پر مقابلوں کی درخواست کا ارادہ کرلیا ہے۔واضح رہے کہ ٹینس کے عالمی حکام کی جانب سے پاکستان میں سکیورٹی صورتحال پر اطمینان کے بعد ڈیوس کپ ٹائی کیلئے پاکستان آنے والے ہندوستانی ٹینس ٹیم کا اعلان بھی کردیا گیا تھا لیکن کشمیر معاملے پر حالیہ عرصے میں تبدیل شدہ سیاسی ماحول کے پیش نظر ہندوستانی ٹینس فیڈریشن آئی ٹی ایف سے تیسرے مقام کی درخواست کر سکتی ہے۔ آل انڈیا ٹینس اسوسی ایشن کے سیکرٹری جنرل ہیرنموئے چیٹرجی کے مطابق فی الوقت کچھ بھی کہنا مشکل ہے لیکن سفارتی سطح پر اضطرابی ماحول ڈیوس کپ ٹائی پر اثر انداز ہو سکتا ہے لہٰذا وہ حالات کا مزید ایک ، دودن جائزہ لے کر کوئی فیصلہ کریں گے۔