ہندوستانی کپتان ویراٹ کوہلی کا نیا عالمی ریکارڈ

   

پورٹ آف اسپین 15 اگست (سیاست ڈاٹ کام) ایک دہائی کے دوران سب سے زیادہ رنز بنانے کا اعزاز اس سے قبل آسٹریلین بلے باز اور سابق کپتان رکی پونٹنگ کے پاس تھا جبکہ اس سے قبل سچن ٹنڈولکر اس اعزاز کے مالک تھے۔ 1990 کی دہائی میں سچن ٹنڈولکر نے 8 ہزار 571 رنز بنا کر عالمی ریکارڈ قائم کیا تھا جس میں 24 سنچریاں اور 44 نصف سنچریاں شامل تھیں۔ عظیم ہندوستانی بلے باز نے 2000 کی دہائی کے دوران بھی بہترین کھیل کا سلسلہ جاری رکھا اور 21 سنچریوں اور 49 نصف سنچریوں کی مدد سے 8 ہزار 823 رنز بنائے۔ تاہم اس دہائی کے دوران رکی پونٹنگ نے انہیں اس ریکارڈ سے محروم کردیا اور 23 سنچریوں اور 56 نصف سنچریوں کی بدولت 9ہزار 103 رنز بنائے۔ البتہ ابتدائی طور پر ناکامیوں کے بعد ویرات کوہلی نے اپنے شاندار کھیل اور بہترین فٹنس کی بدولت یہ ریکارڈ اپنے نام کر لیا جبکہ اس دہائی کے خاتمے میں ابھی بھی 4 ماہ کا عرصہ باقی ہے۔ کوہلی نے گزشتہ 10سال کے دوران 11ہزار 36 رنز بنائے جس میں 42 سنچریاں اور 51 نصف سنچریاں شامل ہیں۔ ہندوستانی ٹیم کے کپتان اب تک 239 ون ڈے میچوں میں 60.31 کی اوسط کے ساتھ ساتھ 43 سنچریوں اور 15 نصف سنچریوں کی بدولت 12ہزار 359 رنز بنا چکے ہیں اور ان کی موجودہ فارم کو دیکھتے ہوئے یہ کہنا غلط نہیں ہو گا کہ وہ ون ڈے کرکٹ کے تمام تر اہم ریکارڈز اپنے نام کر لیں گے۔