ہندوستانی کھلاڑی نگل کا کیرئیر تابناک : فیڈرر

   

نیویارک ۔27 اگسٹ ۔(سیاست ڈاٹ کام) 20 مرتبہ کے گرانڈ سلام چمپیئن راجر فیڈرر جنھیں یو ایس اوپن کے پہلے راؤنڈ کے مقابلے میں کامیابی کے لئے نہ صرف جدوجہد کرنی پڑی بلکہ ہندوستانی نوجوان کھلاڑی سمت نگل کے خلاف پہلاسٹ بھی گنوانا پڑا جس سے فیڈرر کافی متاثر ہوئے اور ہندوستانی کھلاڑی کے خلاف کامیابی کے بعد ان کے مظاہرے پر اظہارخیال کرتے ہوئے کہا کہ جس طرح انھوں نے مظاہرہ کیا اس سے اس بات کی پیش قیاسی کی جاسکتی ہے کہ ان کا مستقبل تابناک ہے ۔ فیڈرر نے مزید کہاکہ جس طرح انھوں نے مظاہرہ کیا وہ حیران کن نہیں بلکہ ان کی صلاحیتوں کے مطابق ہے اور انھوں نے آج کے مقابلے میں انتہائی شاندار مظاہرہ کیا ہے ۔ 24 سالہ نگل نے فیڈرر کو کافی پریشان کیا جبکہ پہلے سٹ میں فیڈرر کی اپنی ازخود غلطیوں نے بھی ان کے لئے نقصان پیدا کیا۔ فیڈرر نے مزید کہاکہ نگل کا مستقبل تابناک ہے لیکن کس طرح وہ دباؤ کے لمحات میں مظاہرہ کرتے ہیں وہ اہمیت کا حامل ہوگا کیونکہ یہ آسان نہیں ہوتا کہ اتنے بڑے مقام پر پہنچ کر بہتر مظاہرہ کیا جائے ۔ 38 سالہ فیڈرر نے مزید کہاکہ ہندوستانی کھلاڑی نگل کا انداز کھیل کلے کورٹ کے ماہر کھلاڑیوں کی طرز کا ہے ۔ تاہم ان کے مظاہرے میں استقلال ہونے کے علاوہ میدان پر ان کی دوڑ بھی کافی بہتر ہے جوکہ کلے کورٹ سے زیادہ مناسبت رکھتی ہے ۔ واضح رہے کہ نگل نے یو ایس اوپن کے مین ڈرا میں رسائی سے قبل کوالیفائنگ راؤنڈ کے تین مقابلے اپنے نام کئے تھے