ہندوستانی کھلاڑیوں کے کورونا ٹسٹ منفی آگئے

   


سڈنی۔ ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کیلئے دورے آسٹریلیائی پر کورونا وائرس کی رپورٹس منفی آنے کے بعدان کے لئے سب سے مشکل ہفتہ کا اختتام ہوا ہے۔ ہندوستانی ٹیم کیلئے یہ ہفتہ اس لئے مشکل ترین ثابت ہورہا تھا کیونکہ پانچ ہندوستانی کھلاڑیوں روہت شرما ، پرتھوی شا ، رشبھ پنت ، شبھ من گل اور نویدیپ سینی میلبورن کے ایک ریستورنٹ میں گئے تھے جس کے بعد میڈیا نے اس واقعہ پر ایک تنازعہ کھڑاکیا تھا اور کہا تھا کہ کھلاڑیوں نے کورونا کے قواعد کی خلاف ورزی کی ہے حالانکہ مہمان کھلاڑیوں نے تمام ضروری پروٹوکول پرعمل کیا گیا تھا۔بی سی سی آئی نے کہا ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے اراکین اور معاون عملے نے 3 جنوری 2021 کو کوویڈ 19 کے آر ٹی پی سی آر ٹسٹ کروایا تھا اور تمام ٹسٹ کی رپورٹس منفی آئی ہیں۔ہندوستانی ٹیم میں ہونے والی پیشرفت کے بارے میں ذرائع نے کہا ہے کہ میڈیا میں رپورٹس کھلاڑیوں کے لئے پریشانی کی بات نہیں ہیں اوروہ تیسرے ٹسٹ کی تیاری میں کوئی کسر نہیں چھوڑ رہے ہیں کیونکہ سیریز 1-1 سے برابر ہے اور وہ اس میں سبقت حاصل کرنے کیلئے کوشاں ہیں۔یادر ہے کہ جمعہ کے دن ہندوستان کے نائب کپتان روہت ، شا ، پنت ، گل اور سینی کے ایک ریستوراں گئے تھے جس پر ایک مداح نے ٹویٹس کے سلسلے میں دعوی کیا ہے کہ اس نے ریستوراں میں ہندوستانی کھلاڑیوں کا بل ادا کیا ہے۔ اس نے مزید کہا کہ اس نے اضافی کھانے کا آرڈردیا تاکہ وہ کھلاڑیوں کو ریستورنٹ میں کھاتے ہوئے زیادہ دیر تک دیکھ سکے۔ اس نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ اسے پنت نے گلے لگایا تھا۔لیکن ہفتے کے روز اس نے ایک وضاحت کرتے ہوئے اپنے دعویٰ کومسترد کرتے ہوئے کہا پنت نے کبھی مجھے گلے نہیں لگایا ، یہ سب جوش و خروش سے کہا گیا تھا۔ہندوستانی ٹیم ذرائع ن واضح کیا ہے کہ تمام پروٹوکول پرعمل کرنے کا یہ ایک آسان سا معاملہ تھا اور اس میں فکر کرنے کی کوئی وجہ نہیں تھی۔ٹیم میں ہونے والی پیشرفت کے بارے میں ذرائع نے ہفتے کی صبح کہا تھا کہ کھلاڑیوں نے تمام حفاظتی پروٹوکولز پرعمل کیا ہے اورکسی تفتیش کی ضرورت نہیں ہے کیونکہ مداح نے خود ہی اپنے جھوٹ کا اعتراف کرلیا ہے ہے۔ یہ دعویٰ بھی جھوٹ ہے کہ پنت نے اسے گلے لگایاتھا۔