نئی دہلی : اپنی الماری میں اولمپک کی میڈل کی کمی محسوس کرنے والے ہندوستانی ہاکی کے عظیم کھلاڑی دھنراج پلے سمجھتے ہیں کہ چند دنوں میں ٹوکیو اولمپکس کے آغاز کے بعد ہندوستانی ٹیم میڈل کے حصول کیلئے طاقتور دعویداروں میں شامل ہیں اور فٹنس اس کا سب سے بڑا اثاثہ ہے جس کی بدولت وہ میڈل کے ایک طویل قحط کو دور کرسکتے ہیں۔ دھنراج پلے جنہوں نے 1992ء تا 2004ء مسلسل 4 اولمپکس میں ہندوستان کی نمائندگی کی ہے، انہوں نے کہا کہ من پریت سنگھ کی زیرقیادت ہندوستانی ہاکی ٹیم کا اصل اثاثہ اس کی فٹنس ہے اور 23 جولائی کو شروع ہونے والے اولمپکس میں وہ میڈل حاصل کرنے کیلئے پسندیدہ ٹیموں میں شامل ہیں۔ ہاکی انڈیا فلائش بیک سیریز سے اظہارخیال کرتے ہوئے دھنراج پلے نے کہا کہ میں کافی حد تک پراعتماد ہوں کہ ہماری ٹیم اس مرتبہ میڈل حاصل کرے گی کیونکہ ہندوستانی ٹیم گذشتہ 5 برسوں کے دوران کافی بہترین مظاہرے کئے ہیں اور ان مظاہروں میں کھلاڑیوں کا فٹنس اہم رہا ہے۔ 52 سالہ دھنراج پلے نے کہا کہ ان دنوں ایسی سہولیات ہمیں دستیاب نہیں ہوتی تھیں جو اس وقت کھلاڑیوں کو میسر ہیں۔ دھنراج پلے نے مزید کہا کہ یہ ٹیم بہت کچھ کرچکی ہے جس کی وجہ سے اس نے کروڑہا دلوں کو جیتا ہے۔ 2016ء اور 2018ء کی چمپئنس ٹرافی کے دوران ٹیم کے مظاہرے انتہائی شاندار رہے۔ اس کے علاوہ 2015ء اور 2017ء کی ورلڈ لیگ فائنلس میں بھی ٹیم میں شاندار مظاہرے کئے ہیں۔کورونا کی وجہ سے کھلاڑیوں سے شخصی طور پر ملاقات نہ ہونے کی وجہ سے دھنراج پلے نے من پریت اور خاتون ٹیم کی کپتان رانی رام پال کے نام مکتوب لکھتے ہوئے نیک تمناؤ ں کا اظہار کیا۔