ہند۔ مڈغاسکر کا دو طرفہ دفاعی تعاون میں اضافہ پر تبادلہ خیال

   

نئی دہلی۔ 28 جون (یواین آئی) ہندوستان اور مڈغاسکر نے دوطرفہ دفاعی تعاون کے دائرہ کار کو بڑھانے بالخصوص میری ٹائم سیکوریٹیکے شعبہ میں اقدامات پر اہم بات چیت کی ہے ۔ وزارت دفاع نے ہفتہ کے روز کہا کہ وزیر مملکت برائے دفاع سنجے سیٹھ، جو مڈغاسکر کے چار روزہ دورے پر ہیں، ایک اعلیٰ سطحی ہندوستانی وفد کی قیادت کرتے ہوئے دارالحکومت انتاناناریو گئے ۔ وزیر مملکت برائے دفاع نے مڈغاسکر کے یوم آزادی کی 65 ویں سالگرہ اور ملاگاسی مسلح افواج کے یوم تاسیس کی تقریبات میں ہندوستان کی نمائندگی کی۔ سیٹھ نے مڈغاسکر کے مسلح افواج کے وزیر لیفٹیننٹ جنرل ساہیویلو لالہ مونجا ڈیلفن کے ساتھ دو طرفہ میٹنگ کی۔ جس میں دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون کو تیز کرنے کے طریقوں اور خاص طور پر میری ٹائم سیکیورٹی اور صلاحیت سازی میں تعاون بڑھانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ انہوں نے مڈغاسکر کے وزیر اعظم کرسچن اینٹسے سے بھی ملاقات کی اور مڈغاسکر کی آزادی کی 65 ویں سالگرہ کے موقع پر وزیر اعظم نریندر مودی کی گرمجوشی سے مبارکباد پیش کی۔ وزیر مملکت برائے دفاع نے انتاناناریوو میں ہندوستانی سفارت خانے کی طرف سے دیے گئے استقبالیہ میں شرکت کی۔
انہوں نے مڈغاسکر میں ہندوستانی کمیونٹی کو ملک میں حالیہ پیش رفت اور وزیر اعظم مودی کی دور اندیش قیادت میں جاری اقتصادی تبدیلی کے پروگراموں کے بارے میں بتایا۔ بحر ہند کے خطے میں قریبی پڑوسیوں اور ترقی پذیر ممالک کے طور پر ہندوستان اور مڈغاسکر کی دیرینہ دوستی اور عوام کے درمیان تعلقات ہیں۔