ہند۔ پاک مقابلوں کے بغیر ٹسٹ چمپئن شپ بے رنگ: وقار

   

لاہور۔18 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) وقار یونس نے ہند۔پاک میچز کے بغیر ٹسٹ چمپئن شپ کا رنگ پھیکا قرار دے دیا۔ آئی سی سی ورلڈ ٹسٹ چمپئن شپ میں 9 ٹاپ ٹیمیں شریک ہیں،ہر ملک کو دیگر کے ساتھ6 باہمی سیریزکھیلنا ہوں گی،حریف کا فیصلہ بورڈکو اتفاق رائے سے کرنا ہے، سیاسی تعلقات کشیدہ ہونے کی وجہ سے ہندوستانی ٹیم کا پاکستان کے ساتھ کوئی میچ مقرر نہیں ہے۔ سابق کپتان اور ٹیم کے بولنگ کوچ وقار یونس نے ہندوستانی خبر رساں
ادارے کو ایک انٹرویو میں کہاکہ حکومتی سطح پر مشکل صورتحال ہے لیکن میرے خیال میں آئی سی سی کو اس ضمن میں اپناکردارادا کرنا چاہیے، ہند۔ پاک مقابلوں کے بغیر ٹسٹ چمپئن شپ معقول بات نہیں لگتی۔باہمی تعلقات کشیدہ ہونے کی وجہ سے اپنے کیریئر میں ہندوستان کیخلاف صرف4 ٹسٹ کھیلنے والے سابق بولر نے کہا کہ ماضی میں بھی یہی صورتحال رہی،اسی لیے روایتی حریف کیخلاف کریر کا آغاز کرنا میرے لیے یادگار تھا۔ ایک سوال پر وقار یونس نے کہا کہ بطور بولنگ کوچ پاکستانی ونڈے اورٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں تجربات میری پالیسی کا حصہ ہیں،جو بولرز فارم میں ہوں ان کو بروقت موقع ملنا چاہیے،اس کا یہ مطلب نہیں کہ ڈومیسٹک کرکٹ میں کارکردگی دکھانے والوں کو نظر انداز کردیا جائے، محمد عباس اور عمران خان اس کی مثال ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان نے فاسٹ بولرزکی تیاری کیلیے سخت محنت کی ہے، اب وہاں سے 140کلومیٹر کی رفتار سے گیند کرنے والے فاسٹ بولر تواتر سے سامنے آرہے ہیں۔ جسپریت بمرا، محمد سمیع اورایشانت ہندوستان کو عروج کی جانب گامزن کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں یہی وجہ ہے کہ ٹیم ٹسٹ اور دیگر فارمیٹس میں بھی اچھی کارکردگی دکھا رہی ہے۔