نارتھمپٹن : ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان ہرمن پریت کور کل یہاں انگلینڈ کے خلاف شروع ہونے والی ٹی 20 سیریز میں ونڈے کے مایوس کن مظاہروں کو پس پشت ڈالتے ہوئے ایک نئی شروعات کیلئے کوشاں ہوں گے ۔ ہندوستانی ٹیم اس وقت تمام طرز کی کرکٹ کی سیریز کھیلنے کیلئے انگلینڈ میں موجود ہے جسے واحد ٹسٹ میں ڈرا کانتیجہ حاصل کرنے کے بعد ونڈے سیریز میں 2-1 کی شکست برداشت کرنی پڑی ۔ ونڈے میں ٹیم کی کپتان میتھالی راج کے شاندار اور استقلال کے ساتھ کئے جانے والے مظاہروں کے علاوہ بیٹنگ شعبے نے مایوس کیا ہے لہذا ٹی 20 سیریز میں وہ ان غلطیوں کو سدھارنے کی کوشش کریں گے ۔ ٹیم کی کپتان ہرمن پریت کور پر بھی دباؤ ہوگا کیونکہ وہ نومبر 2018 ء سے محدود اوورس کی کرکٹ میں نصف سنچری نہیں کرپائی ہیں۔ اوپنر سمرتی مندنا اور شیفالی ورما دونوں ہی شاندار فام میں ہے اور ان سے ایک اور بہتر شروعات کی اُمید کی جارہی ہے ۔ شفالی کے علاوہ 17 سالہ ایک اور کھلاڑی رچا گھوش کی بھی قطعی 11 کھلاڑیوں میں شمولیت کا امکان ہے ۔