ہند۔سعودی عرب معاشی و تجارتی تعلقات کے استحکام کو ترجیح

,

   

Ferty9 Clinic

حیدرآباد میں سعودی کونسلیٹ کے قیام کی مساعی، صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم کی جانب سے ڈاکٹر اوصاف سعید کی تہنیتی تقریب، محمود علی اور دیگر معززین کی شرکت

حیدرآباد ۔ 17۔ اپریل (سیاست نیوز) سعودی عرب میں ہندوستان کے نامزد سفیر ڈاکٹر اوصاف سعید نے کہا کہ دونوں ممالک کے معاشی اور تجارتی تعلقات میں فروغ کے علاوہ غیر مقیم ہندوستانیوں کے مسائل کی یکسوئی ان کی اولین ترجیح رہے گی۔ ڈاکٹر اوصاف سعید آج صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم کی جانب سے ان کے اعزاز میں منعقدہ تہنیتی تقریب سے خطاب کر رہے تھے ۔ اس تقریب میں جناب محمد سلیم نے وزیر داخلہ محمد محمود علی کو دوسری میعاد کیلئے رکن قانون ساز کونسل منتخب ہونے پر تہنیت پیش کی۔ اس کے علاوہ جناب عامر علی خاں نیوز ایڈیٹر سیاست اور ڈاکٹر اسلم خاں (منصف) کی گلپوشی کی گئی۔ اس تقریب میں پولیس کے اعلیٰ عہدیداروں کے علاوہ سرکردہ شخصیتوں نے شرکت کی ۔ ڈاکٹر اوصاف سعید نے کہا کہ سعودی عرب میں یہ ان کی تیسری ذمہ داری ہے ۔ 1995-98 ء وہ سعودی عرب میں کونسل حج اور 2004-08 ء قونصل جنرل جدہ کی حیثیت سے خدمات انجام دے چکے ہیں۔ اب ہندوستانی سفیر کی حیثیت سے اہم ذمہ داری دی گئی ہے ، جس پر وہ حکومت ہند سے اظہار تشکر کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اپریل 2016 ء میں وزیراعظم نریندر مودی کے دورہ سعودی عرب کے بعد سے دونوں ممالک کے قائدین مختلف شعبوں میں باہمی تعاون میں اضافہ کیلئے مذاکرات کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب میں 27 لاکھ غیر مقیم ہندوستانی ہیں اور سفیر ہند کی حیثیت سے ان کی بھلائی اور مسائل کی یکسوئی ان کی ذمہ داری ہوگی۔ انہوں نے بتایا کہ ہندوستان سے دو لاکھ عازمین حج فریضہ حج کی تکمیل کریں گے۔ ہندوستانی اسکولوں میں 40,000 سے زائد طلبہ زیر تعلیم ہیں ۔ دونوں ممالک کے درمیان 28 ملین ڈالر کی تجارت ہے۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ ہندوستان اور سعودی عرب کے معاشی اور تجارتی تعلقات مزید مستحکم ہوں گے اور عوام کے درمیان رابطہ میں اضافہ ہوگا۔ غیر مقیم ہندوستانیوں کے مسائل کے حل کیلئے وہ ہمیشہ تیار رہیں گے ۔ وزیر داخلہ محمد محمود علی نے ڈاکٹر اوصاف سعید کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ حیدرآباد میں سعودی کونسلیٹ کا قیام دیرینہ ضرورت کی تکمیل ہوگی۔ اس سلسلہ میں ڈاکٹر اوصاف سعید کو مساعی کرنی چاہئے۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے کونسلیٹ کے قیام کے سلسلہ میں وزیراعظم کو مکتوب روانہ کیا تھا۔ سعودی سفیر کے دورہ حیدرآباد کے موقع پر ان سے نمائندگی کی گئی اور انہوں نے کونسلیٹ کے قیام سے اتفاق کیا۔ محمود علی نے امید ظاہر کی کہ تلنگانہ سے تعلق رکھنے والے غیر مقیم تارکین وطن اور بڑی تعداد میں عازمین حج و عمرہ کے مسائل کو دیکھتے ہوئے کونسلیٹ جلد قائم ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب میں ہندوستانی تارکین وطن کو کئی مسائل درپیش ہوتے ہیں ، جن میں ویزا ، روزگار اور کفیل کے مسائل شامل ہیں۔ تلنگانہ کے تقریباً ڈھائی لاکھ افراد سعودی عرب میں مقیم ہیں۔ صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم نے ہندوستانی سفیر کی حیثیت سے ڈاکٹر اوصاف سعید کے تقرر کو خوش آئند قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ جس وقت اوصاف سعید قونصل جنرل جدہ تھے، اس وقت سے ان کے بہتر تعلقات ہیں اور دونوں نے عازمین حج کیلئے موثر انتظامات کی کوشش کی تھی ۔ انہوں نے کہا کہ اوصاف سعید کی خدمات ہر کسی پر عیاں ہیں اور وہ غریب اور امیر ہر ایک سے اچھے تعلقات برقرار رکھتے ہیں اور کسی بھی کام کی صورت میں فوری ردعمل کا اظہار کرتے ہیں ۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اوصاف سعید مستقبل میں ملک کے وزیر خارجہ کے عہدہ پر ترقی کرلیں گے جس طرح ڈاکٹر منموہن سنگھ سفیر کے بعد مختلف اہم عہدوں سے وزیراعظم تک پہنچ گئے۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر اوصاف سعید ایک دیانتدار آفیسر ہیں اور چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ ایسے عہدیداروں کی قدر کرتے ہیں۔ کے سی آر سیکولر اور ملک کے نمبر ون چیف منسٹر ہیں جبکہ تلنگانہ کی پولیس فرینڈلی پولیس ہے۔ ڈائرکٹر جنرل پولیس اور وزیر داخلہ بہتر ٹیم ورک کے ساتھ کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت تلنگانہ کی پالیسیوں کو اختیار کر رہی ہے۔ محمد سلیم نے کہا کہ آئندہ 20 برسوں تک کے سی آر حکومت کو کوئی خطرہ نہیں ہے اور کے ٹی راما راؤ اپنے والد کے نقش قدم پر عوام کی خدمت میں مصروف ہیں۔ ڈپٹی کمشنر پولیس سنٹرل زون ، ڈپٹی کمشنر پولیس نارتھ زون کے علاوہ انچارج چیف اگزیکیٹیو آفیسر وقف بورڈ ایم اے وحید اور دوسروں نے تقریب میں شرکت کی۔