’ہند۔متحدہ عرب امارات باہمی تعلقات بہترین سطح پر پہونچ گئے ‘

   

Ferty9 Clinic

2024-25 تک پانچ ارب ڈالر کی معیشت بنانے ہندکے سفر میں امارات ایک اہم ساجھیدار، شیخ زائد اور میں ایک دوسرے کو بھائی سمجھتے ہیں: مودی

ابوظہبی ۔24 اگسٹ ۔(سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی نے ہندوستان اور متحدہ عرب امارات کی قیادتوں کے درمیان تعلقات کی بہترین سطح کو اُجاگر کرتے ہوئے کہا کہ ان دونوں ملکوں کے باہمی تعلقات گزشتہ چار سال کے دوران محض ’’خرید ار و فروخت کنندہ‘‘ کی سطح سے بڑھتے ہوئے حکمت عملی کی ساجھیداری کی سطح تک پہونچ گئے ہیں۔ مودی نے متحدہ عرب امارات کے سرکاری خبررساں ادارہ ڈبلیو اے ایم (وام ) کو دیئے گئے انٹرویو میں کہاکہ ’’ہندوستان کو پانچ کھرب ڈالر کی معیشت بنانے اپنے پُرعزم خواب کو حقیقت میں تبدیل کرنے کیلئے متحدہ عرب امارات کی شکل میں ایک ’قابل قدرساجھیدار‘ مل گیا ہے ۔ مودی نے جو اپنے تین قومی دورہ کے دوسرے مرحلہ پر یہاں پہونچے ہیں کہا کہ ’’ہندوستان 2024-25 تک 5 کھرب ڈالر مالیتی معیشت بنانے کیلئے پُرعزم لیکن قابل رسائی منزل کے سفر پر گامزن ہے ۔ آئندہ پانچ سال کے دوران ہم نے 1.7 کھرب امریکی ڈالر کی سرمایہ کاری کا ہدف بنارہے ہیں۔ اس ویژن کی حصولیابی کا ہدف مقرر کیا ہے ۔ حکومت اس ضمن میں اندرونی و بیرونی وسائل کو مجتمع و متحرک کرنے کی مساعی میں مصروف ہے ۔ وزیراعظم مودی نے کہا کہ ’’پانچ کھرب امریکی ڈالر کی معیشت کے ہدف کی تکمیل کی سعی میں متحدہ عرب امارات کو باہمی طورپر سودمند رفاقت میں ہم اپنا ایک قابل قدر ساجھیدار تصور کرتے ہیں۔ انھوں نے کہاکہ ’’ہندوستان میں قابل تجدید توانائی اغذیہ ، بندرگاہوں ، ایرپورٹس ، دفاع ، صنعتی پیداوار اور دیگر کئی شعبوں میں سرمایہ کاری سے مختلف بیرونی ملکوں کی سرمایہ کاری میں زبردست اضافہ ہورہا ہے۔ مودی نے کہاکہ ’’2018-19 ء میں 60 ارب امریکی ڈالر کی باہمی تجارت کے ساتھ متحدہ عرب امارات ہمارا تیسرا بڑا ساجھیدار ہے ۔ ہماری کئی کمپنیاں متحدہ عرب امارات میں سرمایہ کاری کررہی ہیں۔ یہ دونوں ممالک 75 ارب امریکی ڈالر کے باہمی سرمایہ کاری کے عزم کو بروئے کار لانے کے لئے قریبی ربط و تعاون کے ساتھ انتھک کوشش کررہے ہیں‘‘۔ مودی نے خلیج ٹائمز کو دیئے گئے ایک اور انٹرویو میں کہا کہ ’’دونوں ملکوں کے مابین تعلقات کو مستحکم بنانا میری حکومت کی انتہائی اہم خارجہ پالیسی ہے ‘‘ ۔ ولیعہد شیخ محمد بن زائد کے ساتھ اپنے روابط و تعلقات کا تذکرہ کرتے ہوئے وزیراعظم نریندر مودی نے کہا کہ ’’ولیعہد اور میں ایک دوسرے کو بھائی سمجھتے ہیں۔ ہم نے بے پناہ خیرسگالی اور باہمی احترام کو پروان چڑھایا ہے ۔ میں سمجھتا ہوں کہ ہم دونوں کے درمیان بہترین ربط ضبط و تال میل ہمارے دونوں ملکوں کے مابین باہمی تعلقات کی پوشیدہ صلاحیتوں کو اُبھارنے اور اُنھیں مزید مستحکم بنانے میں ایک نہایت اہم محرک ہیں‘‘۔