ہند۔پاک باہمی سیریز ناممکن :گواسکر

   

ممبئی۔15 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی ٹیم کے سابق کپتان سنیل گواسکر نے بھی ہند ۔پاک کرکٹ سیریز کا امکان مسترد کر دیا۔سابق پاکستانی فاسٹ بولر شعیب اختر نے چند روز قبل متاثرین کورونا وائرس کیلیے ہند۔پاک امدادی سیریز کی تجویز دی تھی اور کہا کہ دونوں ممالک ایک دوسرے کے کھلاڑیوں کو تعاون کریں گے۔ اگر ویرات کوہلی سنچری بنائیں تو ہمیں خوشی ہوگی اور اگر بابر اعظم عمدہ مظاہرہ کریں تو ہندوستانی شائقین خوش ہوں گے۔ ان مقابلوں سے حاصل شدہ آمدنی دونوں ممالک میں کورونا وائرس سے مشکلات کا شکار ہونے والے افراد کی مدد کیلئے خرچ ہوگی۔اب سابق کپتان سنیل گاوسکر نے بھی کپل دیو کی ہاں میں ہاں ملاتے ہوئے کہا کہ لاہور میں برف باری تو ہوسکتی ہے لیکن مستقبل قریب میں پاکستان اور ہندوستان کے درمیان کرکٹ کا کوئی امکان نہیں ہے۔رمیز راجہ کے یوٹیوب چینل پر بات چیت میں انھوں نے کہا کہ دونوں ٹیمیں بدستور ورلڈ کپ اور آئی سی سی ایونٹس میں ایک دوسرے کے مدمقابل آتی رہیں گی مگر باہمی سیریز کا امکان فی الحال نہ ہونے کے برابر ہے۔