دبئی : چمپیئنز ٹرافی2025 کے گروپ مرحلے میں ایک میچ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان کھیلا گیا ہے اور توقع کے مطابق ٹیم انڈیا نے کامیابی حاصل کی لیکن اس سال دونوں ممالک کے درمیان کرکٹ ایکشن ختم ہونا ابھی باقی ہے کیونکہ دونوں ممالک کی کرکٹ ٹیمیں اگلے چند ماہ میں ایک بار پھر ٹکرانے والی ہیں۔ چمپئنز ٹرافی کے بعد اب اس سال ایشیا کپ کا انعقاد ہونا ہے جس میں پاکستان اور ہندوستان کے درمیان کم ازکم 3 میچز کھیلے جانے کی توقع ہے۔ پاکستان میں ان دنوں چمپئنز ٹرافی کھیلی جا رہی ہے اور اسی درمیان ایشیا کپ 2025 کے حوالے سے یہ بڑی خبر سامنے آئی ہے۔ کرک بزکی رپورٹ کے مطابق ایشین کرکٹ کونسل کے اجلاس میں ٹورنمنٹ کے لیے ستمبرکے وقت کی منظوری دی گئی ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 8 ٹیموں کا یہ ٹورنمنٹ ستمبر کے دوسرے ہفتے سے چوتھے ہفتے کے درمیان کھیلا جائے گا۔ اس دوران ٹیم انڈیا اور پاکستان کے درمیان مقابلہ بھی ہوگا۔2026 میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کو مدنظر رکھتے ہوئے اس بار ایشیا کپ بھی اسی فارمیٹ میں کھیلا جائے گا۔ اس دوران تمام ٹیموں کو4 کے دو گروپس میں تقسیم کیا جائے گا اور توقع کے مطابق ہندوستان اور پاکستان ایک ساتھ رہیں گے۔ لہذا گروپ مرحلے میں ایک بار ہندوستان اور پاکستان کے درمیان مقابلہ ضرور ہوگا۔ اگر دونوں ٹیمیں اگلے راؤنڈ میں رسائی حاصل کر لیتی ہیں تو سوپر4 مرحلے میں بھی ان کا آمنا سامنا ہو سکتا ہے۔ یہاں سے پہلے اور دوسرے نمبر پر آنے والی ٹیمیں فائنل میں پہنچیں گی اور اگر ہندوستان اور پاکستان سوپر4 میں ٹاپ دو مقامات پر رہتے ہیں تو فائنل میں تیسری بار ٹکراؤ ہو سکتا ہے۔ اس ٹورنمنٹ کا ایک اہم پہلو یہ ہے کہ اسے غیر جانبدار مقام پر منعقد کیا جائے گا۔ دراصل اس بار ایشیا کپ کی میزبانی بی سی سی آئی کے پاس ہے اور یہ ٹورنمنٹ ہندوستان میں کھیلا جانا چاہیے لیکن ہندوستان اور پاکستان کے درمیان جاری تنازعہ کے باعث اسے کسی غیر جانبدار مقام پر کھیلنے پر اتفاق ہوگیا ہے۔ تاہم میزبانی کے حقوق ہندوستانی بورڈ کے پاس رہیں گے۔ اسی طرح اگلی بارجب بھی ٹورنمنٹ کی میزبانی ہندوستان یا پاکستان کی باری ہو گی تو اسے کسی تیسرے ملک میں منعقد کیا جائے گا اور امید کی جارہی ہے کہ اس ایونٹ کو متحدہ عرب امارات یا سری لنکا میں سے کسی ایک مقام پر منعقد کیا جائے گا۔یادرہے کہ ہندوستان اور پاکستان کے مقابلے کرکٹ دنیا کے سنسنی خیز مقابلوں میں شمار کئے جاتے ہیں حالانکہ حالیہ برسوں میں ہندوستان نے اپنے حریف کو زیادہ شکست دی ہے لیکن اس کے بادجود یہ مقابلے شائقین کی پہلی پسند ہوتے ہیں ۔