نئی دہلی۔ ہندوستان اور پاکستان تقریباً پانچ سال کے بعد اپنی فٹبال رفاقت کی تجدید کے لیے تیار ہیں کیونکہ دونوں پڑوسی ممالک کو21 جون سے 4 جولائی تک بنگلورو میں منعقد ہونے والے ساف کپ میں ایک ہی گروپ میں شامل کیا گیا ہے۔ ساؤتھ ایشین فٹ بال فیڈریشن کپ کے 14ویں ایڈیشن کا ڈرا چہارشنبہکو یہاں ہوا جس میں دفاعی چمپئن ہندوستان، پاکستان، کویت اور نیپال کوگروپ اے میں رکھا گیا ہے۔ گروپ بی میں لبنان، مالدیپ، بنگلہ دیش اور بھوٹان ہیں۔گروپ میچز راؤنڈ رابن لیگ فارمیٹ میں کھیلے جائیں گے اور ہر گروپ میں سرفہرست دو ٹیمیں کانتیراوا اسٹیڈیم میں آٹھ ملکی علاقائی ٹورنمنٹ کے سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کریں گی۔