سڈنی ۔5 نومبر (سیاست ڈاٹ کام ) ورلڈٹوئنٹی کے چیف ایگزیکٹیو نک ہوکلے نے کہا کہ میگا ایونٹ میں مردوں کے میچ 7 اورخواتین کے6 شہروں میں مقرر کئے گئے ہیں،ٹکٹوں کی فروخت تیزی سے جاری ہے، قیمت بھی مناسب اور5 سے 20 ڈالرس تک رکھے گئے ہیں، ہم پوری دنیا سے آنے والے شائقین کو خوش آمدید کہتے ہوئے بہترین سہولیات فراہم کرینگے۔ آسٹریلیا میں مقیم پاکستانی، ہندوستان اور سری لنکن شائقین کی بڑی تعداد بھی میچز دیکھنے کیلیے آئے گی۔ انھوں نے کہا کہ ورلڈکپ مقابلوں کے دوران اسٹیڈیمزسے باہر بھی رونقیں لگائی جائیں گی۔ افتتاحی روز سڈنی اولمپک پارک میں جشن کا سماں ہوگا۔ سٹی سینٹرسمیت مختلف مقامات پر بھی میلہ سجایا جائے گا، فین زونز میں ہر عمر کے شائقین کی دلچسپی کے لوازمات موجود ہوں گے۔ایک سوال پر نک ہوکلے نے کہا کہ میں جہاں بھی جاؤں مجھ سے ہند۔پاک میچ کے بارے میں ضرور پوچھا جاتا ہے، روایتی حریفوں کے مقابلے دنیا بھر کے شائقین کی توجہ کا مرکز بنتے ہیں۔ درجہ بندی میں مقامات کی وجہ سے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے پہلے راؤنڈ میں تو ان کا میچ نہیں ہوگا،ہوسکتا ہے کہ سیمی فائنل یا فائنل میں دونوںکا سامنا ہوجائے، پاکستان اور ہندوستان کا وارم اپ میچ کروانے کا ابھی کوئی فیصلہ نہیں ہوا۔ یاد رہے کہ ورلڈ ٹی ٹوئنٹی آئندہ سال اکتوبر میں آسٹریلیا میں ہوگا۔