دبئی ۔ رواں برس ہونے والے ٹی 20 ورلڈ کپ میں ہندوستان اور پاکستان کا مقابلہ 9 جون کو مقرر ہے جیسا کہ پہلا شیڈول تیار کرلیا ہے ۔ذرائع کے مطابق اس سال ہونے والے آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا ابتدائی شیڈول تیار کرلیا گیا۔ ہر آئی سی سی ایونٹ کی طرح اس بار بھی پاکستان اور ہندوستان کو ایک ہی گروپ میں رکھا گیا ہے۔ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 4 جون سے 20 جون تک امریکہ اور ویسٹ انڈیز میں ہوگا جس میں 20 ٹیمیں شرکت کریں گی۔ پہلے راؤنڈ میں پانچ، پانچ ٹیمیں چار گروپس میں مقابلہ کریں گی۔ ذرائع کے مطابق ہندوستان اور پاکستان کے ساتھ گروپ میں آئرلینڈ، کینیڈا اور میزبان امریکہ بھی شامل ہے اس لیے پہلے راؤنڈ میں اس گروپ کے زیادہ تر میچز امریکہ میں ہوں گے۔ ذرائع کے مطابق پاکستان ٹیم پہلا میچ 6 جون کو ڈیلیس میں امریکہ کے خلاف کھیلے گی جس کے بعد 9 جون کو نیویارک میں پاکستان اور ہندوستان کا میچ تجویز ہے جبکہ 11 جون کو پاکستان اور کینیڈا کا میچ نیویارک میں ہی ہوگا۔ 16 جون کو پاکستان اور آئرلینڈ کے درمیان میچ فلوریڈا میں مقرر ہے۔ پہلے راؤنڈ میں شریک ہر چارگروپس میں سے دو ٹاپ ٹیمیں سوپر ایٹ راؤنڈ میں کوالیفائی کریں گی جہاں انہیں 2 گروپس میں تقسیم کیا جائے گا اور اس گروپ سے ہندوستان اور پاکستان کے اگلے مرحلے میں رسائی کے امکانات کافی قوی ہیں۔ ذرائع کے مطابق آئی سی سی نے فیڈ بیک اور منظوری کے لیے یہ شیڈول بورڈز اور براڈ کاسٹرز کو بھیج دیا ہے اور اب جلد ہی حتمی شیڈول جاری کردیا جائے گا۔ ذرائع نے مزید کہا ہے کہ ہند پاک میچ کے اوقات اور برصغیر کے ٹائم زون کے فرق کی بنیاد پر یہ میچ ایک روز قبل کروانے کا راستہ بھی موجود ہے۔ واضح رہے کہ نیویارک ہندوستان کے وقت کے مطابق تقریباً دس گھنٹے پیچھے ہے اور وہاں دوپہر میں شروع ہونے والا میچ یہاں رات گئے شروع ہوگا۔ 9 جون کو اتوار ہے اور اس امکان کو رد نہیں کیا جاسکتا کہ یہ میچ 8 جون کو رکھ دیا جائے تاکہ اس کی مقبولیت تاثر نہ ہو۔