ہنمنت راؤ کی دہلی میں جنتر منتر پر جمعرات کو بھوک ہڑتال

   

Ferty9 Clinic

امبیڈکر کا مجسمہ نصب کرنے سے روکنے پر 24 گھنٹے کی بھوک ہڑتال کا اعلان
حیدرآباد۔9 ۔ جولائی (سیاست نیوز) سابق رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت راؤ نے حیدرآباد میں ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کے مجسمہ کی تنصیب کو روکنے کے خلاف جمعرات 11 جولائی کو دہلی کے جنتر منتر پر 24 گھنٹے کی بھوک ہڑتال کا اعلان کیا ہے۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ہنمنت راؤ نے کہا کہ 11 جولائی کو 10 بجے دن بھوک ہڑتال کا آغاز ہوگا جو 12 جولائی کی صبح 10 بجے تک جاری رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کے مجسمہ کی تنصیب کو روکتے ہوئے کے سی آر حکومت نے دستور کے معمار کی توہین کی ہے۔ وہ اس مسئلہ کو قومی سطح تک پہنچانا چاہتے ہیں تاکہ دیگر سیاسی جماعتوں کی تائید حاصل ہوسکے۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر نے ڈاکٹر امبیڈکر کے چاہنے والوں کے جذبات کو مجروح کیا ہے ۔ پنجہ گٹہ میں ہنمنت راؤ نے دو مرتبہ ڈاکٹر امبیڈکر کے مجسمہ کو نصب کرنے کی کوشش کی تھی لیکن پولیس نے ناکام بنادیا۔ ہنمنت راؤ نے 5 لاکھ روپئے کے خرچ سے مجسمہ تیار کیا جسے پولیس نے اپنی تحویل میں لے لیا۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ ڈاکٹر امبیڈکر کا مجسمہ پولیس کی تحویل میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ دستور کی دفعہ 3 کے تحت تلنگانہ ریاست وجود میں آئی لیکن اسی دستور کے معمار کی کے سی آر حکومت نے توہین کی ہے ۔ ہنمنت راؤ نے کہا کہ ڈاکٹر امبیڈکر کسی ایک پارٹی سے تعلق نہیں رکھتے۔ لہذا تمام پارٹیوں سے تعلق رکھنے والے ارکان کو چاہئے کہ اس مسئلہ کو پارلیمنٹ میں اٹھائیں۔