ہنٹر بائیڈن پر خلاف قانون بندوق خریدنے کی پاداش میں فرد جرم

   

نیویارک: امریکی صدر جو بائیڈن کے بیٹے ہنٹر بائیڈن پر پانچ برس قبل غیر قانونی طور پر بندوق خریدنے کے کیس میں فرد جرم عائد کر دی گئی۔خبر ایجنسی اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق ہنٹر بائیڈن پر پانچ برس قبل غیر قانونی طور پر بندوق خریدنے پر فرد جرم عائد کر دی گئی ہے اور اس وقت انہوں نے اعتراف کیا تھا کہ وہ منشیات کا بہت زیادہ استعمال کرتے ہیں۔رپورٹ میں کہا گیا کہ ہنٹر بائیڈن پر دو الزامات عائد کیے گئے کہ انہوں نے ڈیلاویئر میں جب بندوق خریدی تو فارم میں غلط بیان درج کیا کہ وہ منشیات کا استعمال نہیں کرتے ہیں۔ امریکی صدر کے بیٹے پر دوسرا الزام یہ ہے کہ جھوٹے بیان کی بنیاد پر انہوں نے غیرقانونی طور پر بندوق اپنے پاس رکھی، جس کے تحت انہیں 10 سال قید کی سزا ہوسکتی ہے۔امریکی جسٹس ڈپارٹمنٹ کے وکیل ڈیوڈ ویئس نے ہنٹر بائیڈن پر مقدمہ درج کیا تھا، جس پر 2018 سے تحقیقات کی جا رہی ہیں۔رپورٹ کے مطابق اس پیشرفت سے دو ماہ قبل ہنٹر بائیڈن اور ڈیوڈ ویئس درمیان معاہدے کی درخواست دی گئی تھی، جس میں بندوق رکھنے کے ساتھ ساتھ ٹیکس کی مبینہ خلاف ورزی شامل تھی تاہم یہ معاہدہ اس بات پر کھٹائی پڑ گیا تھا کہ آیا صدر کا بیٹا اضافی الزامات کا سامنا کر سکتا ہے۔