ہنٹر بائیڈن کا انٹرنل ریونیو سروس کیخلاف مقدمہ

   

واشنگٹن : امریکی صدر بائیڈن کے صاحبزادے ہنٹر بائیڈن نے پیر کے روز انٹرنل ریونیو سروس ، آئی آر ایس کے خلاف ایک مقدمہ دائر کر دیا ہے۔ اس میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ ادارے کے اہلکاروں نے ان کے خلاف دائر ایک مقدمہ میں مداخلت کر تے ہوئے ان کے ذاتی ٹیکس کی معلومات کو ایک ایسے وقت ا اورغلط طریقہ سے افشا کیا ہے جب 2024 کے انتخابات قریب ہیں اور قانونی اور سیاسی جدو جہد کا سلسلہ جاری ہے۔ پیر کو دائر کیے گئے مقدمہ میں کہا گیا ہے کہ کانگریس کی ایک سماعت اور انٹرویوز کے دوران ان کے ذاتی ٹیکس کی معلومات کو افشا کرنے کی وسل بلوورز ایکٹ کے تحفظات کے تحت اجازت نہیں تھی۔ ہنٹر کے مقدمہ میں کہا گیا ہے کہ ایجنٹس نے مسٹر بائیڈن کو ہدف بنایا اور انہیں شرمندہ کرنے کی کوشش کی۔ ہنٹر بائیڈن نے کہا ہے کہ وسل بلوور پروٹیکشن کاوفاقی ایکٹ،جس کے تحت کارندوں نے معلومات افشا کرتے ہوئے تحفظ طلب کیا ہے،پریس کے انٹرویوز اور کانگریس کے سامنے گواہی کے دوران خفیہ معلومات فراہم کرنے کی اجازت نہیں دیتا۔ وسل بلوور پروٹیکشن ایکٹ در اصل کسی بھی ادارے میں ہونے والی بد عنوانی کو بے نقاب کرنے والے اہلکاروں کو انتقامی کارروائیوں سے تحفظ فراہم کرنے سے متعلق ایکٹ ہے۔