ہنڈن برگ رپورٹ کیس پر سپریم کورٹ میں آج سماعت

   

نئی دہلی :اڈانی گروپ سے متعلق ہنڈن برگ کی رپورٹ پر ہندوستان میں تنازعہ ختم ہونے کا نام نہیں لے رہا ہے۔ ایک طرف اپوزیشن پارٹیاں مرکز کو تنقید کا نشانہ بنا رہی ہیں، تو دوسری طرف یہ معاملہ سپریم کورٹ بھی پہنچ چکا ہے۔ سپریم کورٹ نے 10 فروری یعنی کل ہنڈن برگ۔اڈانی معاملے سے متعلق داخل کی گئی درخواست پر سماعت کی بات کہی ہے۔ اس عرضی میں اڈانی گروپ پر ہنڈن برگ ریسرچ کے الزامات کی جانچ ایک کمیٹی بنا کر عدالت کے سبکدوش جج کی نگرانی میں کرائے جانے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ایڈووکیٹ وشال دیواری نے چیف جسٹس ڈی وائی چندرچوڑ کی صدارت والی بنچ کے سامنے درخواست پیش کرتے ہوئے جلد از جلد اس پر سماعت کا مطالبہ کیا۔ عرضی دہندہ نے عدالت کو بتایا کہ الگ سے بھی اس معاملے میں ایک عرضی داخل کی گئی ہے جس پر 10 فروری کو سماعت ہونے والی ہے۔ انھوں نے بنچ سے کہا کہ اس عرضی کے ساتھ ان کی بھی دلیلوں کو سنا جائے۔وشال تیواری نے چیف جسٹس ڈی وائی چندرچوڑ کے علاوہ جسٹس پی ایل نرسمہا اور جسٹس جے بی پاردیوالا والے اس بنچ کے سامنے جو مفاد عامہ عرضی داخل کی ہے اس میں اڈانی گروپ پر ہنڈن برگ ریسرچ کے الزامات کی جانچ کے علاوہ بڑے کارپوریٹس کو 500 کروڑ روپے سے زیادہ دیے گئے قرض کی پالیسی کے تجزیہ کو لے کر اسپیشل کمیٹی بھی بنائے جانے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ 24 جنوری 2023 کو ہنڈن برگ ریسرچ نے اڈانی گروپ پر کئی طرح کے الزامات عائد کیے تھے جن میں غلط طریقے سے اسٹاک کو بھگانے کا الزام شامل تھا۔ حالانکہ اڈانی گروپ نے ان الزامات کو سرے سے مسترد کر دیا تھا۔ ہنڈن برگ کے ان الزامات کے بعد اڈانی گروپس کے شیئرس میں 65 فیصد سے زیادہ کی گراوٹ آ چکی ہے۔