ہنگامی صورتحال سے نمٹنے سائبرآباد میںاسٹرائیکنگ فورس کی تشکیل

,

   

۔200 پولیس ملازمین کو خصوصی تربیت، کمشنر سجنار نے خصوصی دلچسپی لی

حیدرآباد: سائبر آباد پولیس نے ہنگامی صورتحال سے نمٹنے اور ہجوم پر قابو پانے کی صلاحیتوں کے ساتھ خصوصی پولیس فورس تیار کی ہے۔ 200 تربیت یافتہ ملازمین پولیس کے ساتھ اسٹرائکنگ فورس تیار کی گئی جو پولیس ڈپارٹمنٹ میں اپنی نوعیت کا پہلا تجربہ ہے۔ خصوصی پولیس فورس کو نیوی بلیو رنگ کا یونیفارم دیا گیا ہے جو کمانڈوز کی طرح سر پر کپڑا باندھے رہیں گے۔ انہیں اینٹی گلیر گلاسس کے علاوہ اے کے 47 گن فراہم کی گئی ہے۔ خصوصی تربیت یافتہ یہ فورس ہنگامی حالت میں صورتحال کو قابو پانے میں مددگار ثابت ہوگی۔ سائبر آباد میں اگرچہ پولیس کے مختلف شعبہ جات جیسے گرے ہانڈس ، سٹی سیکوریٹی ونگ اور سٹی آرمڈ ریزرو کے علاوہ ریاپڈ ایکشن فورس موجود ہے، باوجود اس کے خصوصی ٹریننگ کے ساتھ اسٹرائکنگ فورس تیار کی گئی۔ انتہائی اہم مواقع پر اس فورس کا استعمال کیا جائے گا ۔ کمشنر سائبر آباد وی سی سجنار کی خصوصی دلچسپی سے یہ فورس تیار کی گئی جو نیشنل سیکوریٹی گارڈس کے بلیک کیاٹ کمانڈوز کی طرز پر کام کریں گے۔ ملک میں اہم شخصیتوں کی سیکوریٹی پر تعینات بلیک کیاٹ کمانڈوز سے متاثر ہوکر کمشنر سائبر آباد نے اسٹرائیکنگ فورس کو تربیت دی ہے ۔ دو ماہ قبل ٹریننگ کا آغاز کیا گیا تھا اور بلدی انتخابات سے قبل ٹریننگ کی تکمیل ہوچکی ہے۔ گرینڈ ہانڈس سی اے آر اور سی ایس ڈبلیو شعبہ جات سے تقریباً 200 انتہائی چوکس اور متحرک جوانوں کو منتخب کرتے ہوئے ٹریننگ کا آغاز کیا گیا ۔ پولیس ٹریننگ سنٹر سائبر آباد میں ان کی ٹریننگ ہوئی ہے۔ عہدیداروں نے بتایا کہ سائبر آباد میں اگرچہ ماؤسٹوں کا کوئی مسئلہ نہیں ہے، لہذا خصوصی تربیت یافتہ فورس کو ہجوم سے نمٹنے کیلئے استعمال کیا جائے گا ۔ انتہائی اہم شخصیتوں کے دورے کے موقع پر یا کسی ہنگامی صورتحال میں اسٹرائیکنگ فورس کو طلب کیا جائے گا ۔ خصوصی فورس کو مستحکم کرنے کیلئے مزید جوانوں کو شامل کرنے کی تجویز ہے۔