ہنی ٹریپ، رشوت اور بے راہ روی پر وزراء کی برطرفی کا مطالبہ

   

ممبئی ، 22 جولائی (یو این آئی) شیو سینا (یو بی ٹی) نے آج اپنے ترجمان اخبار ‘سامنا’ کے اداریے میں مطالبہ کیا ہے کہ مہاراشٹرا کے وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس اپنی کابینہ سے پانچ سے چھ ایسے وزراء کو فوری طور پر ہٹائیں جو مختلف تنازعات میں گھرے ہوئے ہیں، جن میں رمی کھیلنا، رشوت لینا، ہنی ٹریپ میں پھنسنا اور نشے میں بدمزگی پھیلانا شامل ہے ۔ اداریے میں مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ وہ ریاستی وزیروں کے ان حرکات سے نالاں ہیں اور سخت اقدام کے لیے ہدایات بھی دے چکے ہیں۔اداریہ میں کہا گیا ہیکہ فڑنویس کو چاہیے کہ وہ فوری طور پر اپنی کابینہ میں رد و بدل کریں اور ان وزراء کو باہر کا راستہ دکھائیں جو اخلاقی گراوٹ کا باعث بن رہے ہیں۔ شیو سینا (یو بی ٹی) نے کہا کہ مہاراشٹرا کابینہ میں ایسے افراد شامل ہیں جن کے بارے میں کئی سنگین الزامات ہیں، جیسے ایک وزیر اسمبلی میں رمی کھیلتا نظر آیا، دوسرا نقدی سے بھرا بیگ دکھا رہا تھا اور سگریٹ پی رہا تھا، تیسرا وزیر اپنی گرل فرینڈ کے قتل کے بعد بھی وزیراعلیٰ کے قریب بیٹھا ہے ، ایک وزیر ہنی ٹریپ سے بچنے کی کوشش کر رہا ہے اور ایک وزیر منشیات کے اثر میں دوسروں کو پھنسانے میں لگا ہے۔ اداریہ میں وزیر اعلیٰ فڈنویس پر بھی طنز کیا گیا کہ ان کی حکومت ہندوتوا کی حامی ہے اور حکومت میں شامل ہونے سے پہلے یقیناً پنچنگ دیکھا گیا ہوگا۔