16افراد کی موت پر بی جے پی کی بے حسی ‘ سنجے راؤت اور دیگر کی تنقید
ممبئی: شیو سینا (ادھو بالا صاحب ٹھاکرے) کے لیڈر سنجے راؤت نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کا ممبئی کے اس علاقہ میں روڈ شو کرنا غیر انسانی ہے جہاں ہورڈنگ گرنے سے 16 افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم مودی کے روڈ شو کی وجہ سے گھاٹ کوپر مغرب سے گھاٹ کوپر مشرق تک سڑکیں اور میٹرو خدمات معطل رہیں۔ دریں اثنا، این سی پی (شرد چندر پوار) اور کانگریس نے بھی روڈ شو کرنے پر وزیر اعظم مودی اور بی جے پی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔انہوں نے کہا کہ ماضی میں کبھی ایسا نہیں دیکھا گیا کہ ایک شخص کی تشہیر کے لئے سڑکیں بند کر دی گئی ہوں۔ اس وجہ سے لوگوں کو دقتوں کا سامنا کرنا پڑا۔ ہورڈنگ گرنے کے بعد جہاں لوگوں کی موت ہوئی وہاں روڈ شو کرنا غیر انسانی عمل ہے۔دریں اثنا، این سی پی (ایس پی) کے ترجمان کلائیڈ کریسٹو نے کہا کہ ممبئی والوں کے زخموں پر نمک پاشی کے لئے میٹرو اور لوکل ٹرین خدمات کو منسوخ کر دیا گیا تھا اور روڈ شو کے انعقاد کے لیے علاقے کی سڑکیں بند کر دی گئیں۔ میٹرو ریل اور لوکل ٹرینوں کو کیوں روکا گیا؟ اس سے زیادہ ہجوم کی وجہ سے مسافروں کی جان خطرے میں پڑ سکتی تھی۔کلائیڈ کرسٹو نے کہا کہ مہاراشٹرا حکومت کو فوری جواب دینا چاہئے کہ ایسا کیوں کیا گیا۔ مجموعی طور پر یہ ‘چالاکی’ اور ہوشیاری سے کیا گیا تاکہ لوگوں کو روڈ شو کے ذریعے گھر واپس جانے پر مجبور کیا جا سکے تاکہ ایسا محسوس ہو کہ وزیر اعظم کے روڈ میں میں بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔انہوں نے کہا کہ 16 جانوں کے ضیاع اور کئی لوگوں کے زخمی ہونے اور ہزاروں مسافروں کو تکلیف پہنچانے کے باوجود بی جے پی کا یہ بے حسی کا مظاہرہ پارٹی اور اس کے اتحادیوں کے امیدواروں کیلئے مہلک ثابت ہوگا۔ایم وی اے کی ایک اور حلیف کانگریس نے بھی روڈ شو کے معاملہ پر وزیر اعظم مودی پر تنقید کی ہے۔ کانگریس کے ریاستی صدر نانا پٹولے نے کہا کہ منگل کو گھاٹ کوپر علاقے میں پیش آئے لرزہ خیز واقعے میں 16 عام شہریوں کی جانیں چلی گئیں۔ ممبئی والوں کیلئے یہ ایک بڑا حادثہ ہے لیکن بی جے پی اور نریندر مودی کو اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا ہے۔ بی جے پی نے وزیر اعظم مودی کے روڈ شو کا آغاز اسی جگہ سے کیا جہاں 16 معصوم شہریوں کی جانیں گئیں۔ یہ بی جے پی اور وزیر اعظم مودی کی بے حسی کی علامت ہے۔