دہلی میںیومیہ 18 ہزار ٹسٹ ، ملک کورونا وائرس اور چین کیخلاف دو جنگ لڑ رہا ہے : چیف منسٹر اروند کجریوال
نئی دہلی۔ چیف منسٹر دہلی اروند کجریوال نے آج اعلان کیا کہ حکومت شہر میں ہوم آئسولیشن کے تحت مریضوں کو گھروں پر پلس آکسی میٹر فراہم کرے گی۔ انہوں نے بتایا کہ دارالحکومت میں کورونا وائرس کی ٹسٹنگ میں 3 گنا اضافہ کردیا گیا ہے اور اب یومیہ 18,000 ٹسٹ کئے جارہے ہیں۔ آن لائن میڈیا کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کجریوال نے بتایا کہ ملک اس وقت دو جنگ لڑ رہا ہے۔ ایک چین کے خلاف اور دوسرے کورونا وائرس کے خلاف ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ چین کے خلاف دونوں جنگوں میں ملک کو کامیابی حاصل ہوگی۔ کجریوال نے کہا کہ یہ سیاست کرنے کا وقت نہیں ہے، ہم تمام کو مل کر ان کا مقابلہ کرنا چاہئے۔ انہوں نے بتایا کہ شہر میں اس وقت 12,000 افراد ہوم آئسولیشن میں ہیں اور انہیں عام آدمی پارٹی حکومت کی جانب سے گھروں پر پلس آکسی میٹرس فراہم کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ دہلی حکومت اور مرکز قومی دارالحکومت میں کورونا وائرس کی وباء کو ختم کرنے کیلئے مل کر کام کررہے ہیں۔ ساتھ ہی وزیر اعلیٰ نے بتایا کہ دہلی میں ابھی بھی 7 ہزار COVID-19 بیڈ خالی ہیں۔ ساتھ ہی کہا کہ 6 ہزار کورونا انفیکشن کے مریضوں کو دواخانوں میں شریک کیا گیا ہے ۔ وزیر اعلیٰ کجریوال نے کہا کہ یہ وقت لڑنے جھگڑنے کا نہیں ہے۔ ہم لوگ کورونا کو جیتنے نہیں دے سکتے۔ انہوںنے کہا کہ دہلی میں ابھی 25 ہزار لوگ کورونا انفیکشن سے دوچار ہیں۔ ایک ہفتے میں ایک ہزار فعال کیسیس بڑھے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لیاب ٹیسٹنگ میں بے قاعدگیاں کر رہی تھیں۔ ان پر کارروائی کی گئی ہے۔ ساتھ ہی اینٹی جن ٹیسٹ بھی مرکزی حکومت کی مدد سے شروع کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ معمولی یا بغیر علامت والے کورونا مریضوں کا علاج گھر پر کیا جاتا ہے۔ روز ہماری ٹیم ایسے لوگوں کا ہیلتھ اپ ڈیٹ لیتی ہے۔ ساتھ ہی انہیں صلاح بھی دیتی ہے۔ وہیں، آکسیجن کی بات پر کجریوال نے کہا کہ جو کورونا مریض گھر میں آئیسولیٹ ہیں، انہیں حکومت آکسی پلس میٹر دے گی۔ لیکن دس دن اسے اپنے گھر پر رکھئے۔ لیکن ٹھیک ہونے کے بعد اسے واپس کر دیجئے۔
