ہومیوپیتھی کی ادویات کی مفت تقسیم، مختلف پراجکٹ کا معائنہ

   

ریاستی وزیر خزانہ ہریش راؤ کا دورہ ظہیرآباد ،رکن پارلیمان کی ستائش

ظہیرآباد : ریاستی وزیر فینانس ٹی ہریش راؤ نے ایک روزہ ظہیرآباد کا دورہ کرتے ہوئے سب سے پہلے تاریخی پراجکٹ میں بارش کے پانی کے باعث بڑھنے والی آبی سطح کا معائنہ کیا اور بعد ازاں واسو کلیان منڈپ ہال میں رکن پارلیمنٹ ظہیرآباد بی بی پاٹل کے ذاتی خرچ سربراہ کی جانے والی ہیومیوکیر انٹرنیشنل امیونٹی پوسٹر کٹس کی تقسیم عمل میں آئی ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کورونا وائرس قہر کے دوران قوت مدافعت میں اضافہ کرنے والی ہومیو ادویات کی مفت تقسیم پر ایم پی بی بی پاٹل کی ستائش کی اور کہاکہ ایم پی موصوف اپنے پارلیمانی حلقہ میں حفظان صحت سے متعلق کوئی نہ کوئی پروگرام کا انعقاد عمل میں لاتے رہتے ہیں جو کہ ہر لحاظ سے لائق ستائش اقدام ہے ۔ قبل ازیں رکن پارلیمنٹ بی بی پاٹل نے سربراہ کردہ ہومیو ادویات کی اثر اندازی پر اطمینان کا اظہارکیا اور کہاکہ ان ادویات کے استعمال سے انسانی جسم میں قوت مدافعت میں اضافہ ہوتا ہے اور وہ کورونا وائرس جیسے وباء کی روک تھام میں سازگار ثابت ہوتی ہے ۔ بعد ازاں وزیر موصوف نے سرکردہ قائدین رکن پارلیمنٹ بی بی پاٹل ، صدرنشین ضلع پرجا پریشد شریمتی منجوشری ،رکن اسمبلی اندول کرانتی ، رکن اسمبلی ظہیرآباد کے مانک راؤ ، رکن قانون ساز إونسل محمد فرید الدین ، صدرنشین ڈی سی ایم ایس شیو کمار ، ضلع کلکٹر ایم ہنمنت راؤ اور دیگر قائدین کے ہمراہ رعیتو سیوا کیندر کا رسم افتتاح انجام دینے کے بعد میونسپل کونسل میٹنگ ہال میں مختلف محکمہ جات کے عہدیداروں کے ساتھ منعقدہ جائزہ اجلاس میں شرکت کی ۔ انہوں نے مشن بھگیرتا کے تحت شہریان ظہیرآباد کو روزآنہ پینے کے پانی کی سربراہی کو یقینی بنانے کیلئے رحمت نگر میں پمپ سیٹ تنصیب کرنے اور 4 کیلو طویل پائپ لائن بچھانے کیلئے 20لاکھ روپئے منظور کرنے کا اعلان کیا ۔ اس موقع پر ٹی آر ایس کے دیگر سرکردہ قائدین جی وجئے کمار صدر نشین آتما کمیٹی ، سابق اراکین بلدیہ این روی کرن ، محمد یونس ، موتی رام ، محمد عبداللہ ، محمد جہانگیر اور دیگر کے بشمول پارٹی منڈل صدور ، اراکین منڈل پریشد ، سرپنچس اور دوسرے موجود تھے ۔