ہونہار طالبہ ثمرین فاطمہ مکس مارشل آرٹ کی چمپئن

,

   

فیض عام ٹرسٹ کی جانب سے امداد ، جناب زاہد علی خاں کے ہاتھوں تہنیت کی پیشکشی
حیدرآباد ۔ 7 ۔ اکٹوبر : ( سیاست ڈاٹ کام ) : وسائل کی کمی کے باوجود زندگی کے مختلف شعبوں میں ترقی کرنا اور آگے بڑھنا بہت بڑی بات ہے ۔ یہ کام وہی لوگ کرسکتے ہیں جن کے عزائم بلند ہوتے ہیں اور جو دُھن کے پکے ہوتے ہیں ۔ ایسے ہی لوگوں میں بی بی کا چشمہ فلک نما کی رہنے والی طالبہ ثمرین فاطمہ بھی شامل ہے جو نہ صرف ایک ہونہار طالبہ ہیں بلکہ ایک زبردست فائٹر بھی ہے جو مکس مارشل آرٹ میں غیر معمولی مہارت رکھتی ہیں اس لڑکی نے حال ہی میں گچی باولی میں منعقدہ مکس مارشل آرٹ مقابلہ میں کرناٹک کی آدتیہ کو شکست دے کر پہلا مقام حاصل کیا ۔ واضح رہے کہ ثمرین فاطمہ کے والد سید جعفر سیکل میکانک ہیں ۔ جب کہ والدہ ثمینہ بیگم خاتون خانہ ہیں ۔ ثمرین نے سیاست کو بتایا کہ انہوں نے نیشنل ( قومی سطح ) کے مقابلوں میں بہت کامیابیاں حاصل کرلی ہیں ۔ اب انٹرنیشنل مقابلوں میں حصہ لینا ان کی خواہش ہے ۔ قارئین … یہاں اس بات کا تذکرہ ضروری ہوگا کہ ثمرین فاطمہ نے سینٹ مارکس بوائز ٹاون ہائی اسکول جہاں نما سے ایس ایس سی کیا اور 92 فیصد نمبرات حاصل کئے اور نارائنا جونیر کالج سنتوش نگر سے انٹر میڈیٹ کیا اور انٹر میڈیٹ میں 98 فیصد نمبرات حاصل کئے ۔ NEET میں 401 نمبرات حاصل کئے لیکن اب انہوں نے ایم بی بی ایس فری سیٹ کو یقینی بنانے کے لیے فوکس میں نیٹ کی کوچنگ حاصل کررہی ہیں اور انہیں امید ہے کہ اس مرتبہ انہیں ایم بی بی ایس میں فری سیٹ مل جائے گی ۔ اس سلسلہ میں وہ فیض عام ٹرسٹ اور اس کے سکریٹری و ٹرسٹی جناب افتخار حسین کا بطور خاص ذکر کرتی ہیں اور بتاتی ہیں کہ پہلی مرتبہ کوچنگ کے لیے فیض عام ٹرسٹ نے انہیں 30 ہزار روپئے دئیے تھے اور اب ایڈیٹر سیاست جناب زاہد علی خاں کے ہاتھوں انہیں مزید 30 ہزار روپئے دئیے گئے ہیں اور تہنیت بھی پیش کی گئی ہے ۔ ثمرین فاطمہ کے مطابق ان کے دو بھائی سید عامر بی ٹیک کرچکے ہیں اور سید عمر ایم سی اے کررہے ہیں ۔ انہیں مکس مارشل آرٹ میں مقابلوں کے قابل بنانے میں کوچ شیخ خالد اور ان کے جم حیدرآباد ایم ایم اے Gym کا اہم کردار رہا ۔ ساتھ ہی ثمرین فاطمہ کے بھائی سید عمر بھی ان کو کوچنگ دیتے ہیں ۔ بہر حال ایڈیٹر سیاست جناب زاہد علی خاں اور سکریٹری فیض عام ٹرسٹ نے ثمرین فاطمہ کو تہنیت پیش کرتے ہوئے ان سے نیک تمناوں کا اظہار کیا ۔۔