حیدرآباد۔/13 اکٹوبر،( سیاست نیوز) ریاستی تلنگانہ جناسمیتی صدر مسٹر کودنڈا رام نے ٹی ایس آر ٹی سی ملازمین کی جاری ہڑتال کے تعلق سے ریاستی عوام کو گمراہ کرنے کا چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر رؤ پر الزام عائد کیا اور بتایا کہ محض آر ٹی سی ملازمین اپنی تنخواہوں میں اضافہ کرنے کے مطالبہ پر ہڑتال کرنے کا چیف منسٹر اظہار کرکے ہڑتالی ملازمین کے خلاف غلط تشہیر کررہے ہیں۔ چیف منسٹر کے اس طرز عمل پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے صدر ریاستی جنا سمیتی نے کہا کہ آر ٹی سی نفع میں چلنے والا ادارہ ہرگز نہیں ہے لہذا آر ٹی سی کو بہر صورت ریاستی حکومت میں ضم کرنے کا چیف منسٹر سے پرزورمطالبہ کیا اور کہا کہ محض چیف منسٹر کی جانب سے ہڑتالی ملازمین کے تعلق سے کی جانے والی غلط تشہیر کے باعث دلبرداشتہ ہوکر ملازمین آر ٹی سی خودکشی کرنے پر مجبور ہورہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آر ٹی سی املاک کو ہڑپنا ہی چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ کا اہم مقصد ہے۔ مسٹر کودنڈا رام نے جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے منظم کردہ احتجاجی پروگراموں میں حصہ لیتے ہوئے ہڑتالی آر ٹی سی ملازمین سے دلبرداشتہ نہ ہونے اور اپنی قیمتی زندگیوں کو ختم کرلینے کی کوشش نہ کرنے کی پرزور اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ہمت کے ساتھ جدوجہدکرتے ہوئے حقوق کو حاصل کرنے کی کوشش کریں۔ مسٹر کودنڈا رام نے یاد دلایا کہ تلنگانہ جدوجہد کے موقع پر ریاست تلنگانہ میں آر ٹی سی کو ترقی دینے کا واضح تیقن دیا تھا لیکن آج اقتدار میں رہ کر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ ان تمام تیقنات کو بھول گئے۔ صدر ریاستی جنا سمیتی نے وزیر ٹرانسپورٹ مسٹر اجئے کمار کو تنقید کا نشانہ بنایا اور دریافت کیا کہ انہوں نے کبھی بھی تلنگانہ جدوجہد میں حصہ لیا تھا ؟ ۔ اس طرح جو علحدہ ریاست تلنگانہ جدوجہد سے ہی واقف نہیں ہیں انہیں ہڑتالی ملازمین آر ٹی سی کے تعلق سے کسی بھی نوعیت کی بیان بازی کرنے کا اخلاقی حق حاصل نہیں ہے۔