ہیڈلی اور رانا نے 26/11کے دہشت گردانہ حملوں کی سازش رچی

   

ممبئی، 25 نومبر (یو این آئی) امریکی شہری ڈیوڈ کولمین ہیڈلی عرف داؤد سعید گیلانی اور پاکستان کے ڈاکٹر تہوّر حسین رانا نے ممبئی میں 26/11 کے دہشت گردانہ حملوں کی سازش رچی تھی۔ دونوں بچپن کے دوست تھے اور صوبہ پنجاب کے ضلع اٹک کے مشہور کیڈٹ کالج حسن ابدال میں ساتھ پڑھتے تھے ۔ممبئی پولیس کی کرائم برانچ- کرائم انویسٹی گیشن ڈپارٹمنٹ (سی آئی ڈی) اور نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی (این آئی اے ) کی جانچ کے مطابق دونوں کی عمر 65 سال تھی اور ان کے پاکستان کی خفیہ ایجنسی انٹر سروسز انٹیلی جنس (آئی ایس آئی) اور لشکر طیبہ (ایل ای ٹی) اور ایچ یو جی آئی جیسی دہشت گرد تنظیموں سے گہرے تعلقات تھے ۔ہیڈلی نے سرکاری گواہ بننے اور معافی حاصل کرنے کیلئے استغاثہ کے ساتھ معاہدہ کیا تھا۔ اس نے فروری اور مارچ 2016 کے دوران ممبئی کی خصوصی عدالت میں ثبوت پیش کیے تھے ، جبکہ رانا کو امریکہ میں بری کر دیا گیا ہے ۔ دوسری جانب اپریل 2025 میں این آئی اے نے رانا کی امریکہ سے حوالگی کرانے میں کامیابی حاصل کی تھی۔جانچ سے پتہ چلا ہے کہ ہیڈلی اور رانا نے ایل ای ٹی کے آپریٹر مکی ماؤس پروجیکٹ کے ساتھ دہشت گردانہ منصوبہ بنایا تھا۔ اس میں ڈینش اخبار مورگیناویسن جائلینڈز پوسٹن کو نشانہ بنانے کے ایک بڑے منصوبے کی ریکی کرنا شامل تھا۔ یہ حملہ 2005 میں پیغمبر اسلام کو دکھانے والے کارٹون شائع کرنے اور 26 نومبر 2008 کے ممبئی دہشت گردانہ حملوں کے بدلے میں کیا جانا تھا، جس میں 166 افراد ہلاک اور 300 سے زائد زخمی ہوئے تھے ۔الزام ہے کہ رانا کو ہیڈلی کے دہشت گردوں کے ساتھ رابطوں کے بارے میں علم تھا اور اس نے ممبئی میں نشانہ بنائے جانے والے مقامات کی ریکی کرنے اور نئی دہلی میں نیشنل ڈیفنس کالج اور ممبئی میں چاباد ہاؤس پر حملوں کی منصوبہ بندی کرنے میں بھی مدد کی تھی۔ذرائع نے کہا، آئی ایس آئی، ایل ای ٹی، ایچ یو جی آئی، ہیڈلی اور رانا، الیاس کشمیری، میجر اقبال، ساجد میر آپس میں رابطے میں تھے ۔ پاکستانی فدائین محمد اجمل قصاب، جسے بعد میں پھانسی دے دی گئی تھی، کے بیان اور ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے بطور گواہ ہیڈلی کی گواہی میں بھی یکساں باتیں ہیں۔انہوں نے بتایا کہ ہیڈلی نے 10 فدائین کے دو ہینڈلرز ابو القمہ اور ابو خفہ اور ایل ای ٹی کے آپریٹر میجر اقبال کے کردار کے بارے میں تفصیل سے بتایا ہے اور یہ بھی بتایا کہ وہ ایل ای ٹی کے آپریشن کمانڈر ذکی الرحمان لکھوی اور اس کے بانی حافظ سعید سے کیسے جڑے ہوئے تھے ۔دراصل، ڈیوڈ ہیڈلی نے رانا کو ہندوستان میں ممکنہ حملوں کی جگہ تلاش کرنے کے اپنے کام کے بارے میں مشورہ دیا تھا۔ ہیڈلی نے اپنی سرگرمیوں کو چھپانے کیلئے فرسٹ ورلڈ امیگریشن سروسز کا دفتر کھولنے کیلئے رانا سے منظوری لی تھی۔