یادادری مندر کے تعمیری کاموں پر 1800 کروڑ کا خرچ

   


کے سی آر 4 مارچ کو دورہ کریں گے، تروپتی کی طرز پر ترقی دینے کا منصوبہ
حیدرآباد: چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ 4 مارچ کو یادادری مندر کا دورہ کرتے ہوئے تعمیری کاموں کا جائزہ لیں گے ۔ مندر کے تعمیری کام 1800 کروڑ کے صرفہ سے سرکاری طور پر انجام دیئے جارہے ہیں اور بتایا جاتا ہے کہ تزئین نو کا کام اختتامی مراحل میں ہے۔ چیف منسٹر معائنہ کرنے کے بعد افتتاح کی تاریخ طئے کریں گے۔ گریجویٹ نشستوں کے انتخابات کے پیش نظر چیف منسٹر کے دورہ کو تشہیر سے دور رکھا جائے گا کیونکہ ریاست میں انتخابی ضابطہ اخلاق نافذ ہے۔ مندر کے اگزیکیٹیو آفیسر گیتا ریڈی نے چیف منسٹر کے دورہ کی توثیق کی اور کہا کہ تعمیری کام اختتامی مراحل میں ہے۔ حکومت نے 1800 کروڑ کا منصوبہ بنایا ہے جس میں سے 800 کروڑ خرچ کئے جاچکے ہیں۔ کے سی آر یادادری مندر کو تروپتی کی طرح ترقی دینا چاہتے ہیں تاکہ یہ مندر تلنگانہ کی تروپتی مندر کی طرح اہمیت اختیار کریں ۔ بتایا جاتا ہے کہ معائنہ کرنے کے بعد چیف منسٹر افتتاح کی تاریخ کے سلسلہ میں اپنے مذہبی گرو چناجیر سوامی سے مشاورت کریں گے ۔ مقامی افراد کا کہنا ہے کہ آئندہ چند ماہ تک کوئی متبرک تاریخیں نہیں ہیں، لہذا اگادی کے بعد مندر کے افتتاح کی تاریخ طئے کی جاسکتی ہے۔ افتتاحی تقریب میں وزیراعظم نریندر مودی تمام ریاستوںکے گورنرس اور چیف منسٹرس کو مدعو کرنے کا منصوبہ ہے۔ مقامی عہدیداروں نے بتایا کہ سڑکوں کی تعمیر کا کام تیزی سے جاری ہے اور چیف منسٹر کے دورہ کے بعد کاموں میں مزید تیزی آئے گی ۔ تلنگانہ ریاست کی تشکیل کے بعد کے سی آر نے یادادری مندر کی تاریخی عظمت کو بحال کرنے کا فیصلہ کیا تھا ۔