چیف منسٹر خود کو راجا مہاراجا تصور کررہے ہیں، وجئے شانتی کا الزام
حیدرآباد۔ 6 ستمبر (سیاست نیوز) کانگریس کی قائد اور فلم اسٹار وجئے شانتی نے یادادری گٹہ مندر کے ستونوں پر کے سی آر اور کار کے نقش پر شدید اعتراض کیا۔ پردیش کانگریس کی انتخابی تشہیری کمیٹی کی صدرنشین وجئے شانتی نے کہا کہ چیف منسٹر کے سی آر اور ٹی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی آر کا رویہ غیر جمہوری ہے۔ انتخابی مہم کے دوران کے ٹی آر بار بار یہ نعرہ لگاتے رہے کہ ’’سر، کار اور سرکار‘‘ کا نعرہ لگاتے رہے لیکن آج اس نعرے کا مفہوم عوام کو سمجھ میں آرہا ہے۔ یادادری گٹہ میں تعمیر کیے جارہے مندر کے ستونوں پر دیوی دیوتائوں کے ساتھ کے سی آر کی تصویر اور کار کا نشان نقش کیا جارہا ہے اس طرح کے سی آر خود کو ایک مہاراج کی طرح پیش کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ راجا اور مہاراجا گرچہ ختم ہوگئے لیکن کے سی آر کا رویہ ابھی بھی بادشاہوں کی طرح ہے جو جمہوریت کے لیے نقصاندہ ہے۔ وجئے شانتی نے کہا کہ اس مسئلہ پر اپوزیشن جماعتوں کے اعتراضات کو کے سی آر سیاسی بیانات سے تعبیر کرتے ہوئے خاموش ہوجائیں گے۔