یادگار شہیدان تلنگانہ پر کانگریس اقلیتی قائدین کا احتجاجی مظاہرہ

   

وٹرنری ڈاکٹر کے قاتلوں کو پھانسی کی سزا دینے کا مطالبہ، فاسٹ ٹریک کورٹ میں مقدمہ چلانے کی اپیل

حیدرآباد۔/30 نومبر، ( سیاست نیوز) پردیش کانگریس کمیٹی میناریٹی ڈپارٹمنٹ کے زیر اہتمام یادگارشہیدان تلنگانہ گن پارک پر احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے مقتول ڈاکٹر پرینکا ریڈی کے قاتلوں کو سخت سزا کا مطالبہ کیا گیا۔ صدر میناریٹی ڈپارٹمنٹ عبداللہ سہیل کی قیادت میں پارٹی قائدین نے قاتلوں کو پھانسی کی سزا دیئے جانے کا مطالبہ کرتے ہوئے نعرہ بازی کی۔ پردیش کانگریس کے ترجمان سید نظام الدین، گریٹر حیدرآباد میناریٹی ڈپارٹمنٹ کے صدر سمیر ولی اللہ، عائشہ فرحین اور دیگر قائدین نے دھرنے میں حصہ لیا۔ اس موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے شیخ عبداللہ سہیل نے قتل کے واقعہ کو افسوسناک قرار دیا اور کہا کہ پولیس کی لاپرواہی کا یہ واضح ثبوت ہے۔ پولیس نے پرینکا کے افراد خاندان کی شکایت پر فوری کارروائی نہیں کی۔ انہوں نے کہا کہ خاطیوں کے خلاف فاسٹ ٹریک کورٹ میں مقدمہ چلا کر آٹھ تا دس دن میں برسر عام پھانسی کی سزا دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں جرائم کی شرح میں اضافہ ہوچکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جرائم کی روک تھام میں ناکامی کے سبب پولیس پر سے عوام کا اعتماد اُٹھ جائے گا۔ عبداللہ سہیل نے وکلاء سے اپیل کی کہ وہ قاتلوں کے مقدمہ کی پیروی نہ کریں اور انہیں بچانے کی کوشش نہ کی جائے۔ سید نظام الدین نے واقعہ کی مذمت کی اور کہا کہ سماج کا سر شرم سے جھک گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین پر مظالم کے واقعات میں اضافہ سے عدم تحفظ کا احساس پیدا ہوچکا ہے۔ انہوں نے پولیس کی جانب سے جلد چارج شیٹ کی پیشکشی اور خاطیوں کو عبرتناک سزا دینے کا مطالبہ کیا۔
اقلیتی قائدین نے پرینکا ریڈی کے افراد خاندان سے ہمدردی کا اظہار کیا۔