گلبرگہ : نیشنل میڈیکل کونسل NMCنے یادگیر انسٹٹیوٹ آف میڈیکل سائینسیس کے قیام کی منظوری دے دی ہے ۔ گلبرگہ ڈویژن کے شہر یادگیر میں یہ انسٹٹیوٹ شہر کے نواحی علاقہ میں تعمیر کیا گیا ہے ۔نیشنل میڈیکل کونسل کی منظوری کے مطابق اس انسٹٹیوٹ میں ایم بی بی ایس کی 150نشستوں کے لئے داخلے تعلیمی سال 2022-23سے شروع ہوں گے ۔ واضح رہے کہ سال 2016میں اس وقت کے کرناٹک کے چیف منسٹر سدرامیا نے ضلع یادگیر میں اس کالج کے قیام کے لئے منظوری دی تھی ۔ لیکن اس وقت اس پر عمل نہیں ہوسکا۔ سال 2019میں اس وقت کے کرناٹک کے چیف منسٹر ایچ ڈی کمار سوامی نے جو اس وقت گائوں میں قیام کرنے کے ایک پروگرام میں شریک تھے ، اس کالج کے قیام کی منظوری کو یہ کہہ کر منسوخ کردیا کہ ضلع یادگیر کے لئے میڈیکل کالج ضروری نہیں ہے۔ اس فیصلہ کے خلاف بی جے پی کے قائیدین نے اس وقت کی کرناٹک کی مخلوط حکومت کے خلاف احتجاج کیا اور میڈیکل کالج کے قیام کی منظوری کا فیصلہ واپس لینے کے خلاف یادگیر میں بند بھی منایا ۔ بعد ازاں چیف منسٹر یڈی یورپا نے اس کالج کے قیام کی دوبارہ منظوری دی ۔ واضح رہے کہ یادگیر میں ایک اور میڈیکل کالج کے قیام سے علاقہ حیدر آباد کرناٹک کی ترقی کا ایک اور نیا باب لکھا جاسکے گا۔اس کالج کے قیام سے پسماندہ ضلع یادگیر میں طبی سہولیات کی فراہمی میں نمایاں اضافہ ہوسکے گا۔