حیدرآباد۔/29 نومبر،( سیاست نیوز) حلقہ اسمبلی یاقوت پورہ میں مجلسی امیدوار کی جانب سے انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی الیکشن کمیشن سے شکایت کی گئی۔ مجلس بچاؤ تحریک کے ترجمان اور حلقہ اسمبلی یاقوت پورہ کے امیدوار امجد اللہ خاں نے الیکشن کمیشن سے شکایت کرتے ہوئے بتایا کہ مجلس کے امیدوار جعفر حسین معراج نے رائے دہندوں کو ووٹر سلپ کے ساتھ مجلس کا پمفلٹ حوالے کیا۔ ووٹر سلپ پر مجلس کے انتخابی نشان کو پرنٹ کرتے ہوئے رائے دہندوں میں تقسیم کیا گیا۔ انہوں نے شکایت کی کہ حکام کی جانب سے مجلسی امیدوار کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی گئی اور نہ ہی بوتھ سطح کے عہدیداروں کے خلاف کوئی اقدام کیا گیا جنہوں نے ووٹر انفارمیشن سلپ راست تقسیم کرنے کے بجائے مجلس کے حوالے کردیا۔ ووٹر سلپ تقسیم کرنا بوتھ سطح کے عہدیداروں کی ذمہ داری ہے اور وہ مجلسی کارکنوں کے ساتھ رائے دہندوں کے مکانات پہنچ کر سلپ تقسیم کررہے ہیں۔ انہوں نے فوت ہونے والے افراد کے ناموں کی فہرست اور ان کے ووٹر سلپ مجلس کے حوالے کئے۔ علاقہ سے مکانات منتقل کرنے والے افراد کے ووٹر سلپ بھی مجلسی کارکنوں کے حوالے کئے گئے۔ الیکشن کمیشن سے شکایت کی گئی کہ نامپلی اسمبلی حلقہ میں بھی اسی طرح ووٹر سلپ تقسیم ہوئے ہیں۔ ایم بی ٹی ترجمان نے سرکاری عمارتوں پر مجلس کے انتخابی نشان کی پینٹنگ اور گاڑیوں سے مجلس کے پرچم، پوسٹرس و بیانرس کو نکالنے کا مطالبہ کیا۔