یلاریڈی ۔ تلنگانہ کے ہر گھر کو فلاحی اسکیمات کے ثمرات مل رہے ہیں کہہ کر یلاریڈی رکن اسمبلی سریندر نے کہا ۔ انہوں نے منڈل لنگم پیٹ کے پولکم پیٹ ، کورپلی مواصعات کا دورہ کیا اور مستحق دلت افراد کو دلت بندھو اسکیم کے تحت یونٹ تقسیم کئے ۔ مختلف ترقیاتی کاموں کا آغاز کیا ۔ 16 لاکھ روپئے سے تعمیر کی گئی گرام پنچایت کی جدید عمارت کا افتتاح کیا ۔ 24 دلت بندھو یونٹ دئے گئے ۔ 20 لاکھ روپئے سے سی سی روڈ ، دس لاکھ روپئے سے نالیوں کی تعمیری کام کا اور 50 لاکھ 40 ہزار روپئے کی لاگت سے دس ڈبل بیڈروم مکانات کی تعمیرات کے کاموں کا رکن اسمبلی سریندر نے افتتاح کیا ۔ اس موقع پر ہڑتال کر رہے وی آر اے ملازمین نے رکن اسمبلی کو یادداشت پیش کی اور وی آر اے کے مسائل حکومت سے حل کروانے کی اپیل کی ۔ اس موقع پر منڈل پریشد صدر محترمہ غریب النساء بیگم ، ٹی آر ایس منڈل صدر رمیش قائدین میں وشنو وردھن ریڈی ، دیویندر ریڈی ، محمد عبدالنعیم ، سنتوش ریڈی ، مدام سائیلو، سریکانت ، نرہری اور دوسرے موجود تھے ۔
کمشنر بلدیہ شمس آباد کو معطل کرنے کا مطالبہ
کاماریڈی :حکومت اس وقت تک محفوظ رہتی ہے، جب تک کہ وہ ظلم نہ کرے اور ہونے والے ظلم کو بروقت روکے، جب ظلم حد سے بڑھ جاتا ہے، تو اسے اللہ کے غصہ سے کوئی بچا نہیں سکتا، حیدرآباد کے مضافات میں شمس آباد کی مسجد خواجہ محمود کا محکمہ بلدیہ اور پولیس کی ملی بھگت سے راتوں رات ڈھانا اور مسلمانوں کے دروازوں کو بند کرنا انتہائی بدبختانہ عمل ہے، محمد فیروزالدین پریس سکریٹری جمعیت علماء ھند ضلع کاماریڈی کے مطابق شمس آباد کی شہید کردہ مسجد کے سلسلے میں حافظ محمد فہیم الدین منیری صدر جمعیۃ علماء کاماریڈی نے شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا، نیز حکومت تلنگانہ سے پرزور مطالبہ کیا کہ کمشنر بلدیہ شمس آباد کو فی الفور معطل کیا جاے، اور سخت سے سخت سزا دلوائی جائے کیونکہ جہاں تقریبا دو سال سے نماز جمعہ اور مستقل عبادت ہورہی تھی ایسی مسجد کو ڈھایا گیا، حکومت کو چاہیے کہ ایسے غیر ذمہ دار افراد کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے، یاد رہے مسجد کی بازیابی اور تعمیر کے لیے کوئی قدم نہیں اٹھایا گیا تو اللہ کے قہر سے آپ کو کوئی بچا نہیں سکتا۔
٭٭٭